لاہور پولیس کا یومِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال

اور ون ویلنگ کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

ہفتہ 11 اگست 2018 20:03

لاہور پولیس کا یومِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) لاہور پولیس نے یومِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال اور ون ویلنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کر لیا، تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز 13اور14 اگست کی رات تک شہر کا امن تباہ کرنے والے افراد کے خلاف فی الفور قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہورشہزاد اکبرنے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان ہزاروں لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔نوجوان یومِ آزادی پر تجدید عہد کر کے پاکستان کا نام روشن کر نے کے مشن پر چلیں۔یومِ آزادی کے موقع پر شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دی جائیگا۔ سڑکوں پر ون ویلنگ ، ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ ، آتش بازی اور غل غپاڑہ کرنے والے نوجوانوں کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کی تقاریب کیلئے بھی مربوط سکیورٹی پلان جاری کیا جائیگا۔یومِ آزادی کی حساس تقاریب کی مانیٹرنگ سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔یومِ آزادی کے موقع پر پارکوں اور تفریحی مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی۔شہر کی اہم شاہرائوں پر ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے نوجوان موئثر گشت کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی پر کسی کو قانون ہا تھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔یومِ آزادی کو لاہور پولیس سے تعاون کر کے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ شہداء کی قربانیوں کو یاد کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں