این اے 131؛ ضمنی انتخابات میں بھی خواجہ سعد کا جیتنا مشکل

عمران خان نے ضمنی انتخابات میں این اے 131 سے ولید اقبال کو انتخابی اکھاڑے میں اتارنے کا اعلان کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 11 اگست 2018 20:22

این اے 131؛ ضمنی انتخابات میں بھی خواجہ سعد کا جیتنا مشکل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اگست 2018ء) این اے 131؛ ضمنی انتخابات میں بھی خواجہ سعد کا جیتنا مشکل نظر آنے لگا۔ عمران خان نے ضمنی انتخابات میں این اے 131 سے علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال کو انتخابی اکھاڑے میں اتارنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے لاہور ،،اسلام آباد،، بنوں اور میانوالی سمیت 5 حلقوں سے الیکشن لڑا۔۔عمران خان نے این اے 53،، 35، 243، 95 اور 131 سے انتخاب میں حصہ لیا۔

عمران خان کی سب سے زیادہ مضبوط پوزیشن حلقہ این اے 95میانوالی میں نظر آئی جہاں انہوں نے اپنے مخالف لیگی امیدوار کو بھاری مارجن سے شکست دی۔ اسی طرح این اے 53 میں بھی انکا مقابلہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سسے ہوا جہاں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو عمران خان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

تاہم این اے 35 بنوں جہاں عمران خان کا مقابلہ اکرم درانی سے ہوا وہاں بھی فتح نے عمران خان کے قدم چومے اور کراچی کا حلقہ این اے 243 بھی عمران خان کے ہی نام رہا ۔

تاہم لاہور کا حلقہ این اے 131 عمران خان کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوا جہاں انکا مقابلہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سے ہوا۔اس علاقے میں کافی دلچسپ اور ٹف مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم عمران خان انتہائی قریب مقابلے کے بعد 6 سو ووٹوں سے اس حلقے سے فتح سمیٹنے میں کامیاب ہوگئے۔گو کہ خواجہ سعد رفیق نے اس انتخاب کو دھاندلی زدہ قرار دیا اور دوبارہ گنتی کے لیے ہر فورم پر گئے لیکن بالآخر انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

یوں عمران خان نے ایک ہی ساتھ پانچ حلقوں میں انتخابات جیتنے کا ریکارڈ بنا ڈالا۔تاہم کپتان کو اب ان چار حلقوں میں سے ایک حلقے کا انتخاب کرنا ہے اور بقیہ 4 حلقے چھوڑنا ہوں گے۔اس موقع پر عمران خان نے میانوالی کی سیٹ اپنے پاس رکھ کر بقیہ سیٹیں چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس موقع پر سب سے بڑا اور اہم چیلنج یہ ہے کہ عمران خان کے بعد کون ان نشستوں سے الیکشن لڑے گا کہ وہ ان سیٹوں کو دوبارہ تحریک انصاف کے لیے جیتنے میں کامیاب ہو سکے۔

اس حوالے سے کپتان نے انتہائی اہم فیصلہ کرتے ہوئے این اے 131 سے علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال کو انتخابی اکھاڑے میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ان ضمنی انتخابات میں خواجہ سعد رفیق کو جیتنے کے لیے ولید اقبال سے مقابلہ کرنا ہوگا جو ایک مشکل مقابلہ ہوگا۔ولید اقبال نے نامزدگی کے بعد کل سے اپنی انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں