شہباز شریف دور کا ایک اور اسکینڈل منظر عام پر آگیا

بینک آف پنجاب کے اربوں روپے کمرشل بینکوں میں منتقل کرنے کا میگا اسکینڈل بھی سامنے آگیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 11 اگست 2018 23:42

شہباز شریف دور کا ایک اور اسکینڈل منظر عام پر آگیا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-11اگست 2018ء) : بینک آف پنجاب کے اربوں روپے کمرشل بینکوں میں منتقل کرنے کا میگا اسکینڈل بھی سامنے آگیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے دور کا ایک اور اسکینڈل سامنے آچکا ہے، شہباز شریف کے دور حکومت میں بینک آف پنجاب سے اربوں کے فنڈز نکال کر مختلف بینکوں میں جمع کرائے گئے۔ مزید اطلاعات کے مطابق بینک آف پنجاب سے نکال کر غیر قانونی طور پر 35 ارب 70 کروڑ روپے کمرشل بینکوں میں رکھے گئے، اس کے لیے مختلف بینکوں میں 12 سو سے زائد اکاؤنٹ کھولے گئے تھے۔

دیگر کمرشل بینکوں میں اکاؤنٹس مختلف محکموں کے نام سے کھولے گئے جن میں پینتیس ارب روپے منتقل کر کے ملکی خزانے کو بہت بڑا نقصان پہنچایا گیا۔اربوں روپے کمرشل بینکوں میں منتقل ہونے کا انکشاف کرنے والی دستاویز کے مطابق جن اداروں کے نام سے اکاؤنٹس کھولے گئے ان میں وزیرِ اعلیٰ سیکرٹریٹ اور گورنر ہاؤس بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق محکمہ صحت، محکمہ تعلیم سمیت 19 ایسے محکمے ہیں جن کے نام سے کمرشل بینکوں میں غیر قانونی اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے پہلے آشیانہ ہاوسنگ سکیم اور صاف پانی سکیم میں بھی شہباز شریف کے گرد گھیرا تنگ ہو چکا ہے صاف پانی کمپنی کے سی ای او نے شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کی حامی بھر لی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں