نئی نسل کو آزادی کی قدرواہمیت سے آگاہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ‘چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ

انتظامی عہدوں پر فائزنرسزکیلئے 9ہزار روپے کا الاؤنس جشن آزادی کا تحفہ ہے ، ثمینہ یاسمین کا اظہار خیال

اتوار 12 اگست 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) جشن آزادی کے حوالے سے سروسز ہسپتال لاہور کی نرسز نے تقریب کا اہتمام کیا - نرسنگ ہاسٹل میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں جشن آزادی کا خصوصی کیک کاٹاگیا اورنرسز نے بھرپور اظہار مسرت کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دی - اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ثمینہ یاسمین نے کہاکہ وطن عزیز کا قیام لاکھوں جانوں اور بے پناہ مال کی قربانی کے بعد عمل میں آیا اور نئی نسل کو آزادی کی قدروقیمت سے آگاہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے - انہو ںنے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بہتر سے بہتر معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں - ثمینہ یاسمین نے نرسنگ کالجز اور سکولوںمیں انتظامی عہدوں پر فائز نرسز کے لئے 9 ہزار روپے الاؤنس کے اعلان کو جشن آزادی کا تحفہ قراردیا - انہو ںنے نرسز کو ہدایت کی کہ وہ 14 اگست والے دن بیڈ ٹو بیڈ وزٹ کرکے مریضوں میں جشن آزادی کے تحائف تقسیم کریں تاکہ بیماری میں مبتلا افراد بھی یوم آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں -اس موقع پر سروسز ہسپتال کی نرسز نے قومی پرچم لہرائے اور قومی ترانے گنگنائے - عاصمہ تاج،ارم نسیم ، لبنی یاسمین ، ثمیرا رزاق، طاہرہ شبیر اور ارم حنیف بھی اس موقع پر موجود تھیں جنہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ 14 اگست کو روایتی جوش و جذبے سے منایاجائے گا اور سروسز ہسپتال کی نرسز اس خوشی کو منانے میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں