نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، جشن آزادی کی تقریبات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی

یوم آزادی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہوگی،نگران وزیراعلیٰ عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کریں گے نگران وزیراعلیٰ مزار اقبالؒ پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے، عمارتوں کو منفرد انداز سے روشن کیا جائے گا،انتظامیہ اور متعلقہ ادارے تقریبات کے بہترین انتظامات کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں:نگران وزیراعلیٰ پنجاب یوم آزادی کے موقع پر تقریبات کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں ، موجودہ حالات میں تقریبات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے، سب نے مل کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے

پیر 13 اگست 2018 21:49

نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، جشن آزادی کی تقریبات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم آزادی جو ش و خروش سے منانے کیلئے تقریبات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور 14 اگست کی تقریبات اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی 71ویں سالگرہ ایک بہت بڑاموقع ہے اور پاکستانی قوم ایک بار پھر یوم آزادی کی 71 سالہ تقریبات کو انتہائی جوش و خروش سے منائے گی۔

انہوںنے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں اور پاکستانی قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور کارکنوں کا احسان ہم تاقیامت نہیں اتار سکتے۔قیام پاکستان کے لئے برصغیر کے مسلمانو ں نے خون کی ندیاں عبور کیں اور قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میںتمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر یکجا تھے۔

انہوںنے کہا کہ یوم آزادی مناتے وقت ذمہ داری اورملی جذبے کا مظاہرہ کیا جائے کیونکہ میری آزادی آپ کی ذمہ داری ہے اور آپ کی آزادی میری ذمہ داری ہے۔آزادی کے نام پر ہلڑبازی یا بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوںنے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کیساتھ عمارتوں کو منفرد انداز سے روشن کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یوم آزادی کے موقع پر تقریبات کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور چونکہ تقریبات کا محور شہری ہیں، لہٰذا ان کیلئے سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انتظامیہ اور متعلقہ ادارے یوم آزادی کی تقریبات کے بہترین انتظامات کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ موجودہ حالات میں تقریبات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ سب نے مل کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ اجلاس کو 14 اگست کی تقریبات کے بارے میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہوگی اور نگران وزیراعلیٰ حضوری باغ کی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔

نگران وزیراعلیٰ مزار اقبالؒ پر حاضری دینگے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور بعدازاں نگران وزیراعلیٰ عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کریں گے۔نگران وزیراعلیٰ کو پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے تقریبات اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں لارڈ میئر لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری وزیراعلیٰ، ڈی جی ایل ڈی اے، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی سی لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں