نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی پاکستان کی71ویں یوم آزادی کے موقع پرقوم کو مبارکباد

قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے سب کومتحد ہو کر جذبے سے کام کرنا ہی:ڈاکٹر حسن عسکری ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کا عہد کرنا ہے،اتحاد کیساتھ پاکستان کو خوشحال بنانے کی جدوجہد جاری رکھنی ہے

پیر 13 اگست 2018 21:54

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی پاکستان کی71ویں یوم آزادی کے موقع پرقوم کو مبارکباد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کے موقع پرپاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میںکہا ہے کہ پاکستان اقبال ؒ کے خواب کی تعبیر، قائدؒ کی جدوجہد اور ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کا انمول تحفہ ہے۔

شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کیلئے آزاد وطن کا خواب دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کامیاب ہوئی اورآج ہم ایک آزاد اورخود مختار وطن میں زندگی بسر کررہے ہیں جو کہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کی جدوجہد ہمارے بزرگوں کی محنت، بلند حوصلے اور جذبے سے عبارت ہے۔

(جاری ہے)

بانیان پاکستان کے عزم اور حوصلے کی بدولت قوم کو ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاک وطن برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے جنہوں نے الگ وطن کے قیام کیلئے خون کی ندیاں عبور کیں۔ انہوںنے کہا کہ آج تحریک پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے اورہم آزادی کی راہ میں شہید ہونے والوں کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کا عہد کرنا ہے اور قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے ہم سب کومتحد ہو کر جذبے سے کام کرنا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں۔ آج ہمیں قیام امن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔

پاکستان کے استحکام اور امن کیلئے اپنی جانیں قربان کرنیوالے قوم کے ہیرو ہیں اور یوم آزادی مناتے ہوئے ان بہادر سپوتوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایمان،اتحاد اور نظم و ضبط کیساتھ پاکستان کو مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھنی ہے اور یہ عہد کرنا ہے کہ آئین پاکستان پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو ترقی کی طرف لے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ آج ہمیں قائدؒ و اقبالؒ کے تصورات اور افکار کے مطابق تکمیل پاکستان کی منزل کے حصول کا عہد کرنا ہے اور اس عزم کا بھی اعادہ کرنا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے اور ملکی وقار کو ہمیشہ بلند رکھیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں