مفاد پرستوں کی وجہ سے پاکستان محرومیوں کا شکار ہوا، ہم لوگوں کو شعور دیں گے، سیاست کو ایک مشن سمجھ کر کریں گے،حافظ محمد سعید

یوم آزادی کے موقع پرپوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے

پیر 13 اگست 2018 22:28

مفاد پرستوں کی وجہ سے پاکستان محرومیوں کا شکار ہوا، ہم لوگوں کو شعور دیں گے، سیاست کو ایک مشن سمجھ کر کریں گے،حافظ محمد سعید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مفاد پرستوں کی وجہ سے پاکستان محرومیوں کا شکار ہوا۔ ہم لوگوں کو شعور دیں گے اور سیاست کو ایک مشن سمجھ کر کریں گے۔ملی مسلم لیگ وطن عزیزمیںنظریہ پاکستان اجاگر کرے گی۔ یوم آزادی اس مرتبہ پہلے سے بھی زیادہ پرجوش طریقے سے منائیں گے۔

ملک بھر میں استحکام پاکستان ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ یوم آزادی کے موقع پرپوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز اسلام آباد اور راولپنڈی صدر کے مقامی ہال میں ملی مسلم لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملی مسلم لیگ پاکستان کے صدر سیف اللہ خالد،جوائنٹ سیکرٹری ملی مسلم لیگ انجینئر محمد حارث ڈار،صدر ملی مسلم لیگ اسلام آباد شفیق الرحمن، کنوینرملی مسلم لیگ اسلام آباد چوہدری سعید احمد گوجر،ملی مسلم لیگ راولپنڈی کے صدر رانا عبدالرحمن، فہیم رضا بٹ ودیگر نے خطاب کیا ۔

بعد ازاں حافظ محمد سعید سے کرسچین کمیونٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان بنانے والے جلد رخصت ہو گئے جس کے بعدیہ ملک مفاد پرست سیاستدانوں و حکمرانوں کے ہاتھوں میں آگیاجن کی وجہ سے پاکستان محرومیوں کا شکار ہوا۔ووٹ خرید کر حکومتیں بنانے والے بیرونی قوتوں کی غلامی کرتے ہیں۔

ہم پاکستان کوایک آزاداور مستحکم پاکستان بنائیں گے۔انہوںنے کہاکہ بیرونی قوتوں کو ہماری ریلیف سرگرمیوں کی طرح سیاست میں حصہ لینا بھی برداشت نہیں ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ سیاست میں آکر مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف آواز بلند کریں گے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران قومی کشمیرپالیسی پر عمل پیرا ہوں۔

پاکستانی قوم کسی طور اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو تنہا چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے اتحاد امت اور خدمت انسانیت کی بنیاد رکھی ہے۔ قوم کو پارٹی بازی،فرقہ واریت کی دلدل سے نکالیں گے۔ہم نے الیکشن میں سرمایے کی جگہ نظریے کو فروغ دیا،ہم عام آدمی کی آواز بنے ۔ساری مشکلات کے باوجود ہم نے پورے ملک سے اپنے امیدوار کھڑے کیے ۔

مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا ہمارا بنیادی منشور ہے۔ہم ملک میں اتحاد امت کی سیاست کریں گے۔ملی مسلم لیگ پاکستان کے صدر سیف اللہ خالد، انجینئر محمد حارث ودیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتخابات 2018 میں دیانت دار لوگوں کو ٹکٹ جاری کئے۔قائد اعظم محمد علی جناح نے جس بنیاد پر پاکستان بنایا اور سیاست کی آج تک کسی سیاسی پارٹی نے وہ سیاست نہیں کی۔

ملی مسلم لیگ کے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی اس کے باوجود ہم نے ملک بھر میں امیدوار کھڑے کئے۔ ہم عزم و حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ اگلا مرحلہ بلدیاتی انتخابات کا ہے،ہماری تمام تر توجہ اس پر مرکوز ہے۔انہوںنے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ہم پاکستان کو اسکی حقیقی منزل تک پہنچائیں گے اور پاکستان کو لاالہ الاللہ کا پاکستان بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں