ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونا ہوگا : ذکر اللہ مجاہد

ملک کو درپیش مسائل کے حل اور دنیا میں عزت و وقار کیلئے نئی حکومت اسلامی نظام کو پاکستان میں نافذکر ے

پیر 13 اگست 2018 22:42

ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونا ہوگا : ذکر اللہ مجاہد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہدنے کہا کہ ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے د فتر جماعت اسلامی لاہور میں متحدہ مجلس عمل لاہور کی ضلعی کونسل کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں متحدہ مجلس عمل لاہور کے سینئر نائب صدر ریاض احمد درانی ، جے یو پی لاہور کے رہنما رانا رحمت ، اسلامی تحریک لاہور کے رہنما شوکت علی اعوان ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما امتیاز احمد ایڈووکیٹ ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری و دیگر قائدین اور ضلعی ممبران و کونسل نے شرکت کی ۔ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان کو باوقار ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کر کے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

ملک کو درپیش مسائل کے حل اور دنیا میں عزت و وقار کا مقام حاصل کرنے کے لیے اسلامی نظام کو پاکستان میں رائج کرنا ہوگا جس مقصد کے لیے لاکھوں قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا گیا اس عظیم مقصد کو بدقسمتی سے حکمران طبقے نے فراموش کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کا حقیقی مقصد اسلامی پاکستان ، خوشحال اسلامی ریاست کا قیام تھا ۔پاکستان نظریاتی ریاست ہے جسے اسلامی اصولوں کے تحفظ کے لیے حاصل کیا گیا اور اس کی بقا اتحاد ، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں میں پوشیدہ ہے۔

اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کے ذمہ داران کی جانب سے اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ نظریاتی و جغرافیائی احساس کو ختم کرنے اور ملک کے آئین سے ختم نبوتﷺ کی شق کو نکالنے کوشش کی گئی تو اس سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔اجلاس میں قائدین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ انتخابات میں اداروں کی جانب سے دھاندلی نے اس پورے انتخابی عمل کو مشکوک بنا دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے۔ اگر الیکشن میں متنازعہ حلقوں میں ہونے والی دھاندلی کا ازلہ نہ کیا گیا تو ملک کے اندر سیاسی افراتفری کے خدشات بڑ ھ جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں