کاش یوم آزادی کیساتھ ہم شفاف انتخابات کے انعقاد کی خوشیاں بھی منا سکتے‘ شہباز شریف

پی ٹی آئی ضمیر فروشی پر لگائے گئے کروڑوں ،اربوں روپے سے نئے ہسپتال بنا لیتی تو بہترہوتا‘ پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

منگل 14 اگست 2018 13:25

کاش یوم آزادی کیساتھ ہم شفاف انتخابات کے انعقاد کی خوشیاں بھی منا سکتے‘ شہباز شریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم قومی اسمبلی میں اس لیے گئے تاکہ ملک میں جمہوریت کی شمع روشن رکھ سکیں اور یہی جدوجہد کا راستہ ہے ،71سال بعد بھی ہم منزل کی تلاش میں ہیں، آج بھی جمہوریت کی کشتی بھنور سے نہیں نکل سکی،کاش یوم آزادی کے ساتھ ہم شفاف الیکشن کے انعقاد کی خوشیاں بھی منا سکتے، دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے ملک کو یکجا نہیں رکھ سکتے اور اس سے خدانخواستہ قومی شیرازہ بکھر سکتاہے،ہمیں سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنا ہوگا ، دھاندلی زدہ الیکشن کو دھاندلی زدہ کہا جائے ، اس کی تحقیقات کریں اور نتائج بھی نکالیں ،قوم کو بتایا جائے کس طرح الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام ہوا اور ذمے داروں کو سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں جشن یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا۔ہم ان لاکھوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، لاکھوں لوگوں نے ہجرت کی ،ان کے ساتھ بہت کچھ ہوا۔

بزرگوں ،خواتین ،نوجوانوں ،مائوں اور بہنوں نے آگے اور خون کے دریا پار کیے اور لاکھوں لوگ شہید ہوئے ،مائوں اور بہنوں کے آنچل پھٹے تب جا کر ہمیں یہ خطہ ملا۔لہٰذا آج کے دن ان شہیدوں کی قربانیوں کی یاد میں ہمیں یہ بات طے کرنی چاہیے کہ ہم انکے خون کی پاسداری کریں گے اور اپنے مثبت اور تعمیری کردار کے ساتھ انکے عظیم کارنامے کو زندہ وجاویدرکھیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ حضرت قائد اعظم نے 1948ء میں کوئٹہ میں اپنے خطاب میں جو فرمایا تھا اس کے مطابق ہمیں اپنے درمیان نفرت اور انا ء کوختم کرنا ہوگا،صوبائیت کو فروغ دینے کی بجائے پاکستانیت کو فروغ دینا ہوگا، ہمیں محنت، امانت اور دیانت کو اپنانا ۔71سالوں بعد بھی آج ہم کشکول اٹھائے بیٹھے ہیں اور ہم نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا ۔ میں قوم سے اپیل کرتا ہوں اور سب سے پہلے خود کو پیش کرتا ہوں آئیں آگے بڑھیں ۔

سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہیں ۔ دھاندلی زدہ الیکشن کو دھاندلی زدہ کہا جائے ۔ اس کی تحقیقات کریں او رنتائج نکالیں ۔ قوم کو بتائیں الیکشن کمیشن مکمل طو ر پر ناکام ہوا ۔ رات 11بجکر 45منٹ پرآرٹی ایس سسٹم کو زبردستی بند کر دیا گیا اور تمام پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر حلقوں کی گنتی کی گئی ۔ کیا اس طرح شفاف الیکشن ہوتے ہیں ۔ہم جمہوریت کے ذریعے ہی پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرسکتے ہیں، جمہوریت ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، ہم قومی اسمبلی میں اس لیے گئے تاکہ ملک میں جمہوریت کی شمع روشن رکھ سکیں۔

انہوںنے کہا کہ عام انتخابات کے نتائج کو خوشیوں میں شامل نہیں کرپائے، کراچی سے خیبر تک انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں، کاش یوم آزادی کے ساتھ ہم شفاف انتخابات کے انعقاد کی خوشیاں بھی منا سکتے، دھاندلی زدہ الیکشن سے خدانخواستہ قومی شیرازہ بکھر سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے اندر ہونیوالی دھاندلی کا کھوج لگانا ہو گا اور ذمے داروں کا تعین کرنا ہو گا تب جا کر پاکستان آگے بڑھے گا ،تب یہ غصہ اور نفرتیں ختم ہوں گی اور پاکستان اپنی منزل مقصود کی طرف رواں دواں ہو گا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود ہم پنجاب میں سب سے پارٹی ہیں، پی ٹی آئی ضمیر فروشی پر لگائے گئے کروڑوں ،اربوں روپے سے نئے ہسپتال بنا لیتی تو بہتر ہوتا،ہم خریدو فروخت کی منڈیوں کی سیاست نہیں کرتے،جس طرح کا یہ شرمسار کھیل کھیلا گیااس سے انسانیت شرمسار ہے ہم اس طرح کی سیاست کے روا دار نہیں ، اب ہم نے اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے قائد اور اقبال کا راستہ اپنانا ہے ، الیکشن میں دھاندلی کرنے والے عناصر کو عیاں اور سزا دلوانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپنا شعار بنائیں،اسی کے پیروی سے ہم ایک ترقی یافتہ قوم بن سکتے ہیں۔کیا ہم نہیں چاہتے کہ ہماری آنے والی نسلیں ہمیں اچھے الفاظ میں یاد رکھیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے تمام اراکین جو جیت کر آئے ہیں وہ پارٹی کے ساتھ ہیں،تمام ممبران اسمبلی میں اپنا بھر پور سیاسی کردار ادا کریں گے،وزیر اعلی اور سپیکر کے انتخاب میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے،ہمیں اگلے چند سال میں پاکستان کوعظیم مملکت بنانا ہوگا۔شہباز شریف نے پرچم کشائی کے بعد بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں