ہمیں وطن عزیز کو دشمن عناصر سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ‘رانا محمد اقبال

ہمیں اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے‘اسپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 14 اگست 2018 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانامحمدا قبال خاں نے کہا ہے کہ ہمیں وطن عزیز کو دشمن عناصر سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا ۔ آج کے دن ہمیں اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے،پاکستان وسائل سے مالامال ہے ، ہمیں ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرچم کشائی کی پروقار تقریب اسمبلی سیکرٹریٹ کے احاطہ میں منعقد کی گئی ۔ صبح 8:58 بجے سائرن بجایا گیا۔ 9بجے پنجاب اسمبلی کی عمارت پر سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

پنجاب اسمبلی کے سینئر سیکرٹری رائے ممتاز حسین بابر، سیکرٹری محمد خاں بھٹی ، DGپارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور اسمبلی کے افسران اور سٹاف نے شرکت کی۔ بعدازاں سپیکر نے کیفے ٹیریامیں اسمبلی سٹاف سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کے حصول کے لیے اپنے آبائو اجداد کی پیش کردہ قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔

ملکی ترقی و استحکام کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔ ملکی مفاد کے خلاف کار فرما ہاتھوں کو اتفاق و اتحاد کی قوت سے روکنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میںدشمن کو شکست ہوئی ہے۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا ۔ وطن عزیز نظریاتی بنیادوں پر معرض وجود میں آیا ۔

آج کے دن ہمیں اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے تاکہ ماضی کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں ، زندہ قومیں اپنی فتح کے یاد گار لمحات بے حد پر جوش طریقے سے مناتی ہیں ۔ بطور پاکستانی ہمیں اپنا یوم آزادی بھر پور طریقے سے منانا چاہیے۔ اس کے لیے ہمیں بھائی چارے کی فضاء قائم کرناہوگی۔ آج پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کے مطابق بھرپور محنت کرنی ہو گی تاکہ عالمی سطح پر پاکستان عزت ووقار کی علامت بن سکے۔انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں ملت کا ہر فرد کردار ادا کرے۔ تقریب کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں