ْتعمیر پاکستان کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا‘ڈاکٹر حسن عسکری

خوشحال پاکستان تب بنے گا جب ہم ملکر پاکستان کا مستقبل سنواریں گے،اسلام نے سماجی انصاف اور مساوات کے اصول دئیے ہیں قائد ؒ اور اقبالؒ نے بھی سماجی انصاف ،مساوات کی ضرورت پر زور دیا ، سماجی انصاف اور مساوات پیدا کرنا سب کی ذمہ داری ہے ‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا حضوری باغ میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار اور تعلیمات پر عمل کرنا وقت کا تقاضا ہے ،بانیان پاکستان نے آزاد وطن کے خواب کو عظیم جدوجہد کے تحت حقیقت کا روپ دیا اور ہم بحیثیت قوم تحریک پاکستان کے عظیم ہیروز کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے اور آج ہم انہی بے مثال قربانیوں کے باعث آزادوطن میں سانس لے رہے ہیں-نگران وزیراعلی ڈاکٹر حسن عسکری نے ان خیالات کا اظہار حضوری باغ میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-تقریب میں نگران صوبائی وزراء ، لارڈ میئر لاہور،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چین، ترکی اور ایران کے قونصل جنرل،سیکرٹریز ،ممتاز شخصیات اورطلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی-نگران وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مجھے آج یوم آزادی کی اس خوبصورت تقریب میں آکر بے حد خوشی ہوئی ہے ، تقریب میں موجود بچوں خصوصاً خصوصی بچوں نے ملی جذبے کے ساتھ نغمے پیش کئے،جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں-انہوںنے کہاکہ پاکستان کامستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ،ہم اپنے نوجوانوں کو جتنا بااختیار بنائیں گے پاکستان اتنی ہی تیزی سے آگے بڑھے گا-انہوںنے کہاکہ موجودہ صدی علم اور ٹیکنالوجی کی صدی ہے ، زیورتعلیم سے آراستہ معاشرے ہی ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کرتے ہیں- نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لانا ہوں گی-انہوںنے کہاکہ اگر پاکستان نے اقوام عالم میں اونچا مقام حاصل کرنا ہے تو تعلیم کی اہمیت کو پیش نظر رکھنا ہوگا-انہوںنے کہاکہ پاکستان عظیم جدوجہد کے باعث معرض وجود میں آیااور علامہ اقبالؒ وہ شخصیت تھے جنہوں نے دسمبر1930میں تصور پاکستان کو بڑے واضح انداز میں پیش کیا،اسی طرح علامہ اقبالؒ نے 1936اور 1937میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو خطوط لکھے جس میں مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے تصور کو پیش کیا اوراس کے ساتھ اقبال ؒنی مردمومن او رخودی کا تصور بھی دیا-اقبالؒ چاہتے تھے کہ جمہوری نظام میں وہ جمہوریت ہو جو اسلام کے سنہری اصولوں پر مبنی ہو-قائدؒ نے بھی اسی جمہوریت کی بات کی ہے ،جہاں سب کو یکساں حقوق حاصل ہوں-میں سمجھتا ہوں کہ قائدؒ اوراقبالؒ کی تعلیمات اور افکار میں رہنمائی موجود ہے اورہمیں ان کواپنانا چاہیی- انہوںنے کہاکہ تحریک پاکستان کی جدوجہد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو آج خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے اورہم نے اپنے ہیروز کی قربانیوں کو بھولنا نہیں بلکہ ان قربانیوں کو یاد رکھناہے کیونکہ تحریک پاکستان کے ہیروز کی قربانیوں کے باعث آج ہم آزاد سرزمین پر سانس لے رہے ہیں-انہوںنے کہاکہ پاکستان اس لئے بنا کہ یہاں پر سماجی انصاف اور مساوات ہو-ہم نے اس بات کا بھی جائزہ لینا ہے کہ ہمارے آبائو اجداد نے آزاد وطن کے لئے اس لئے جدوجہد کی کہ اس وطن میں سب کے لئے یکساں حقوق ،سماجی انصاف اور مساوات کی فراہمی ہو-اگر ہم قیام پاکستان کے مقاصد کو حقیقی معنوں میں سمجھ لیں تو آئندہ کا چارٹر آسانی سے متعین کر سکیں گے اور آگے بڑھ سکیں گی-آج ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ ہم نے پاکستان کے لئے کیا کیا ہی ہم نے پاکستان کو لوٹانا ہی-انہوںنے کہاکہ جدوجہد کا ایک مرحلہ 1947میں مکمل ہوا جبکہ مستحکم، مضبوط اورخوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد جاری و ساری ہے اورہم پر لازم ہے کہ ہم ایسا پاکستان بنائیں جہاں عوام کی فلاح وبہبوداور بہتری کے لئے کام ہو-ہم سب نے عوام کو سہولتیں دینے کے لئے کام کرنا ہے اور یہی قائد ؒ اور اقبالؒ کا پیغام ہے -دین اسلام نے سماجی انصاف اور مساوات کے سنہری اصول دئیے ہیں-قائد ؒ اور اقبالؒ نے بھی سماجی انصاف او رمساوات کی ضرورت پر زور دیا ہے، معاشرے میں سماجی انصاف اور مساوات پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے - سماجی انصاف اور مساوات پیدا کریں گے توا سلام کے سنہری اصولوں پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد ہوگا- نگران وزیراعلی نے کہاکہ تعمیر پاکستان کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگااور خوشحال پاکستان کا خواب تب ہی پورا ہوگا جب ہم مل کر پاکستان کا مستقبل سنواریں گی- تقریب سے لارڈ میئر لاہور کرنل مبشر جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا -

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں