نوازشریف نے اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے ہمراہ جشن منایا

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اڈیالہ جیل میں 10,10 پاؤنڈ کے تین کیک بھی منگوائے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 14 اگست 2018 15:25

نوازشریف نے اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے ہمراہ جشن منایا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2018ء) آج ملک بھر میں پاکستان کی 71ویں سالگرہ جوش وخروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔اس موقع پرتمام سرکاری نیم سرکاری دفاتر،تعلیمی اداروں سمیت پرچم کشائی کی تقریبات منعقدہوئیں۔جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی اڈیالہ جیل میں یوم آزادی منایا۔میڈیا پورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے ساتھ جشن منایا۔

اس موقع پر نواز شریف نے 10,10 پاؤنڈ کے تین کیک بھی منگوائے،اور کیک کاٹ کر قیدیوں کے ساتھ ہی اڈیالہ جیل میں یوم آزادی منایا۔یاد رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی اور سیاسی جانشین مریم نواز کے ساتھ اڈیالہ جیل میں ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت سے سنائی جانے والی سزا کاٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز کی سزاؤں کی معطلی کا کیس زیر سماعت ہے لیکن ان کی سزائیں معطل ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی پر مسلم لیگ ن کے آپسی اختلافات نے بھی ان کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ریاستی اداروں کے خلاف ایک محاذ بُلند کیا اور جارحانہ حکمت عملی اپنا لی جس کو دیکھتے ہوئے نواز شریف کے کئی ساتھیوں نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا اور پھر انہیں احتساب عدالت نے بھی سزا سنا دی ، نواز شریف اور مریم نواز سیاسی شہید بننے کے لیے پاکستان آ تو گئے لیکن ان کی اُمیدوں پر اُس وقت پانی پھر گیا جب مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنان کا قافلہ اُن کے استقبال کے لیے لاہور ائیر پورٹ نہ پہنچ سکا ، اور نیب انہیں لاہور ائیر پورٹ کے اندر سے ہی لے کر اسلام آباد روانہ ہو گئی۔

نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری اور اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد بھی پارٹی کارکنان کی جانب سے کوئی احتجاج نظر نہیں آیا جو ان کی سیاسی موت کی وجہ بنا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں