قیام پاکستان کیلئے ہمارے بڑوں نے انسانی تاریخ کی عظیم ترین قربانیاں پیش کیں،پاکستان قیامت تک قائم و دائم رہے گا‘سراج الحق

قوم کو عہد کرنا چاہئے کہ ہمارے بڑوں نے جن عظیم مقاصد کی خاطر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا،پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و خوشحال پاکستان بنا کر دم لیں گے‘امیر جماعت اسلامی

منگل 14 اگست 2018 20:18

قیام پاکستان کیلئے ہمارے بڑوں نے انسانی تاریخ کی عظیم ترین قربانیاں پیش کیں،پاکستان قیامت تک قائم و دائم رہے گا‘سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کیلئے ہمارے بڑوں نے انسانی تاریخ کی عظیم ترین قربانیاں پیش کیں،پاکستان کروڑوں مسلمانوں کی جدوجہد اور لاکھوںمسلمانوںکی شہادتوں کاثمرہے ،قیام پاکستان کا مقصد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی حکمرانی تھی ، پاکستان محض جغرافیہ نہیں ، ہمارا نظریہ اورایمان ہے، پاکستان کی خاطر جینا افضل جہاد اور پاکستان کی خاطر مرنا مقدس شہادت ہے ،پاکستان قیامت تک قائم و دائم رہے گا،آج کے دن پوری قوم کو عہد کرنا چاہئے کہ ہمارے بڑوں نے جن عظیم مقاصد کی خاطر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیااور اپنا گھر بار چھوڑ کر ہجرت کی ہم ان مقاصد کو حاصل کرکے رہیں گے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و خوشحال پاکستان بنا کر دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں یوم آزادی کے مبارک موقع پر مرکزی دفاتر کی عمارت پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں لیاقت بلوچ ،حافظ محمد ادریس ،میاں مقصود احمد ،ذکراللہ مجاہد ،مولانا عبد المالک ،محمد اصغر،عبد الغفار عزیزاور کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ننھے بچوں اور بچیوں نے پاکستان کے پرچم کے رنگوں والے خوبصورت کپڑے پہن رکھے تھے اور ہاتھوں میں جھنڈیاں اٹھا رکھیںتھیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پا کستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے ۔اللہ کے نظام کی موجودگی میں ہمیں کسی دوسرے نظام کی ضرورت نہیں ۔ہمیں دائیں بائیں دیکھنے کی بجائے مدینہ کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے ۔حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سی71سال گزرنے کے بعد بھی ملک میں غربت ،جہالت ،بے روز گاری بدامنی کے اندھیر ے ہیں ۔اللہ تعالی نے پاکستان کو بہترین جغرافیے اور بے پناہ وسائل سے نوازا ہے ۔

اس کے باوجود ہر بچہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقروض ہے ۔ ہمارے دو کروڑ سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں ،لاکھوں نوجوان بے روز گار ہیں ،لاکھوں لوگوں کے پاس سرچھپانے کی جگہ نہیں ،لوگوں کو عدل وانصاف نہیں ملتا ،ہم نے ان تمام مسائل کا خاتمہ کرنا ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک اسلامی و فلاحی پاکستان دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خلافت کا نظام نا صرف پاکستان بلکہ پوری انسانیت کیلئے ماڈل نظام حکومت ہے ۔

یوم آزادی کے موقع پر ہم عزم کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو قائد اعظم ؒکے وژن اور علامہ اقبال ؒ کے خوابوں کی سرزمین بنائیں گے اورملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ بھی عہد کرتے ہیں کہ ہم ملک سے رنگ و نسل کی لکیریں مٹا کر اور فرقوں کے تعصبات کو ختم کرکے قومی یکجہتی اور اتحاد کے ذریعے پاکستان کو امن کا گہوارہ اور ترقی و خوشحالی کا مرکز بنائیں گے ۔پاکستان کو کلین اور گرین بنائیںگے ، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ملک و قوم کے تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں