لاکھوں فرزندان توحید لبیک کی صدا بلند کرتے ہوئے حجاز مقدس پہنچ گئے ‘مولانا عبد الخبیر آزاد

دنیا بھر سے بلا امتیاز رنگ و نسل وقوم، لاکھوں حجاج کرام فریضہ حج ادا کریں گے،اتحاد کا عظیم سماں نظر آئے گا‘ خطیب بادشاہی مسجد

منگل 14 اگست 2018 22:32

لاکھوں فرزندان توحید لبیک کی صدا بلند کرتے ہوئے حجاز مقدس پہنچ گئے ‘مولانا عبد الخبیر آزاد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیر آزاد (چیئر مین مجلس علماء پاکستان )نے خطیب ہاؤس میں علماء کرام ومتحدہ مجلس عمل کے راہنما ؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال لاکھوں فرزندانِ توحید لبیک کی صدا بلند کرتے ہوئے حجاز مقدس پہنچ گئے،مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے بلا امتیاز رنگ و نسل وقوم لاکھوں حجاج کرام فریضہ حج ادا کریں گے،اتحاد امت کا عظیم سماں نظر آئے گا،دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع عرفات کے میدان میں ہوگا، اوریہ حج بیت اللہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ،اللہ تعالیٰ کی وحدانیت ،اور جذبہ ایثار وقربانی ، اخوت و بھائی چارہ اورامت مسلمہ کے اتحاد و یگانگت کا دنیا کیلئے پیغام ہے،دنیا بھر سے بلا امتیاز رنگ و نسل وقوم فرزندان توحید زیارت بیت اللہ سے مشرف ہوں گے ا ورفریضہ حج ادا کریں گے ، یہی وہ دین اسلام کا عظیم رکن ہے اور فریضہ ہے جو زندگی میں صرف ایک مرتبہ صاحب حیثیت عاقل بالغ مسلمان مرد وعورت پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے فرض کیا گیا ہے ،اور دنیا بھر سے دیوانہ وار لوگ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرح خدا کی دعوت پر لبیک کہنا اور عظیم الشان قربانی کی روح کو زندہ کرنا اور ان کی پیر وی میں اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے تسلیم ورضا اور فرمانبرداری اور اطاعت کے ساتھ اپنی گردن جھکا دینا یہی ملت ابراہیمی اور یہی حقیقی اسلام ہے یہی روح اور یہی باطنی احساس اور جذبہ ہے جس کو حاجی ان جلیل القدر ہستیوں کے مقدس اعمال اور قدیم دستوروں کے مطابق حج میں اپنے عمل اور کیفیت سے مجسم کر کے ظاہر کرتے ہیں، تمدن کے اس ابتدائی دور کی طرح وہ ان دنو ںبغیر سلے سادہ کپڑے پہنتے ہیں وہ خود کو حضرت اسماعیل علیہ السلام کی طرح خدا کے حضور میںنذر کر نے جاتے ہیں،اس لیے اتنے دنوں تک سر کے بال نہ منڈاتے نہ کٹواتے ہیں ،دنیا کے عیش و نشاط اور تکلف کی زندگی سے پر ہیز کرتے ہیں ،اورنہ خو شبو لگاتے ہیں نہ رنگین کپڑے پہنتے ہیں اور نہ سرڈھاپنتے ہیںاور اسی طرح جس طرح حضرت ابراہیم اور اسماعیل علیہ السلام کی طرح گردو غبار میں اٹے ہوئے اور دوڑ تے ہوئے خدا کے گھر میں آئے تھے، آتے ہیں اور جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خدا کی پکار پر لبیک کہاتھا وہی ترانہلبیک اللّٰہم لبیک ، لبیک لا شریک لک لبیک انًّ الحمد والنعمة لک والملک لا شریک لک، ان کی زبا نوں پر ہوتا ہے،امسال بھی سعودی عرب کے مثالی حج انتظامات پرصاحب السموء خادم الحرمین الشریفین ملک سلمان بن عبد العزیز،کراؤن پرنس ولی العہد الامیرمحمد بن سلمان حفظہ ا للہ اور سعودی عرب کے سفیر برائے پاکستان الشیخ نواف بن سعید المالکی کا بھی پاکستان میں حج کے حوالے سے بہترین خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،حکومت پاکستان اور وزارت حج کے مثالی اقدامات پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں ، اللہ تعالیٰ ان کی اس حج کی مساعی کو قبول فرمائے اور ہم سب کو اپنے گھر کی زیارت سے مشرف فرمائے آمین ثم آمین۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں