نومنتخب ممبر قومی اسمبلی کو شہری پر تشدد کرنا مہنگا پڑ گیا

تحریک انصاف نے رکن سندھ اسمبلی عمران شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 14 اگست 2018 22:09

نومنتخب ممبر قومی اسمبلی کو شہری پر تشدد کرنا مہنگا پڑ گیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-14 اگست 2018ء) :نومنتخب ممبر قومی اسمبلی کو شہری پر تشدد کرنا مہنگا پڑ گیا۔ تحریک انصاف نے رکن سندھ اسمبلی عمران شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق نومنتخب رکن سندھ اسمبلی عمران شاہ کے ہاتھوں شہری کے پٹنے کا واقعہ آج شا م کراچی میں پیش آیا ۔واقعہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی سید عمران راستہ نہ ملنے پر سیخ پاہو گئے  اور اپنی گاڑی سے باہر نکل آئے پہلے راستہ نہ دینے والے شہری کو کھری کھری سنائیں لیکن جب اس سے بھی دل نہ بھرا تو رکن سندھ اسمبلی نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ۔

اس موقع پر عمران شاہ کا موقف تھا کہ شہری انہیں گالیاں دے رہا تھا اور انہوں نے شہری کو مارا نہیں بلکہ صرف دھکا دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع کچھ حفاظتی گارڈز بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ان کے اس قدم کی ویڈیو ایک شہری نے ریکارڈ کر لی اور بعد میں اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا گیا۔اس ویڈیو میں ایم پی اے کو شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔واضح رہے کہ اس سے پہلے لاہور سے بھی تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا نے قانون شکنی سے روکنے پر ایس ایچ او کا سر پھاڑ دیا تھا۔

تاہم پاکستان تحریک انصاف نے عمران شاہ کا معاملہ منظر عا م پر آتے ہی ٹھوس قدم اٹھا لیا ہے اور نو منتخب رکن سندھ اسمبلی کو شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے۔پارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران شاہ کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے پر شوکازنوٹس دیا ہے۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کا شکار ہونے والے شہری کرو تلاش کیا جارہا ہے اور ایم پی اے کے خلاف تشدد کا مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر متاثرہ شخص مقدمہ درج کرانا چاہے تو رابطہ کرسکتا ہے اور اگر وہ ایسا نہ بھی چاہے تو :تشددکا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں بھی مقدمہ درج ہو سکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں