پنجاب کی 17ویں اسمبلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ،لیگی اراکین نے احتجاجاً بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حلف لیا

سپیکر رانا محمد اقبال نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا ،نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی ،حلف کے بعد اراکین نے رول آف ممبر پر دستخط کئے ایوان میں موجودو پی ٹی آئی اور لیگی اراکین نعرے بھی لگاتے رہے ،لیگی خواتین نے پرویز الٰہی کی آمد پر شدید مخالفانہ نعرے بازی کی ایوان میں جگہ کم پڑ گئی ، متعدد اراکین اوپر گیلری میں بیٹھے ،نو منتخب اراکین اسمبلی استقبالیہ ڈیسک سے معلومات لیتے رہے ،کارڈز بھی جاری کیے گئے اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پیشگی آگاہ کرنے کے باوجو د نو منتخب اراکین مہمانوں کے ہمراہ اسمبلی پہنچے ،احاطے میں غیر معمولی رش رہا

بدھ 15 اگست 2018 13:12

پنجاب کی 17ویں اسمبلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ،لیگی اراکین نے احتجاجاً بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حلف لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) پنجاب کی 17ویں اسمبلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی نے بدھ کے روز بطور رکن اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ،مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجاً بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حلف لیا ، پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے انتخاب آج ( جمعرات) کو ہوگا ۔

نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے لئے پہلا اجلاس مقررہ وقت دس بجے کی بجائے 45منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال خان کی صدارت میں شروع ہوا ۔ مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجاً بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے ۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد سپیکر رانا محمد اقبال نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا جس کے بعد اراکین پنجاب اسمبلی نے ترتیب سے رول آف ممبر ز پردستخط کئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز سے قبل پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے اراکین نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔ پی ٹی آئی کے اراکین اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے جبکہ لیگی اراکین اسمبلی ووٹ چور ہائے ہائے ، وزیر اعظم نواز ، ایک واری فیر شیر ، حمزہ ، حمزہ کے نعرے لگاتے رہے ۔ حمزہ شہباز کی آمد پر لیگی اراکین نے حمزہ ، حمزہ اور شیر شیر کے نعرے لگائے ۔حکومت کی جانب سے سپیکر کے عہدے کیلئے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی آمد پر لیگی خواتین اراکین نے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس کے جواب میں (ق) لیگ کے اراکین نے پرویز الٰہی کے حق میں نعرے لگائے ۔

چوہدری پرویز الٰہی نے ایوان میں آمد کے بعد اراکین اسمبلی سے ان کی نشستوں پر جا کر مصافحہ کیا۔ ایوان میں جگہ نہ ہونے کے باعث متعدد اراکین اسمبلی ایوان کے حصے کے طور پر مختص گیلری میں بیٹھے اور وہیں حلف لیا ۔سپیکر کی ہدایت پر سیکرٹری اسمبلی نے پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا جس کیلئے تین اراکین ملک محمد احمد خان ، سعدیہ سہیل رانا اور حسن مرتضیٰ کے ناموں کا اعلان کیا گیا ۔

ایوان میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں پر انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کے شیڈول کا اعلان بھی کیا گیا جبکہ دونوں عہدوں پر انتخاب آج بروز ( جمعرات ) خفیہ ووٹنگ کے ذریعے ہو گی ۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ پنجاب اسمبلی کے اطراف کی شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے مکمل بند رکھی گئیں جبکہ قریب واقع عمارتوں پر سنائپرز تعینات رہے ۔

نو منتخب اراکین اسمبلی کی سہولت اور معلومات کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کے داخلی دروازے کے ساتھ استقبالیہ ڈیسک قائم کیا گیا جہاں پر موجود افسران نو منتخب اراکین اسمبلی کی رہنمائی کرتے رہے جبکہ نو منتخب اراکین کو اسی ڈیسک سے کارڈز بھی جاری کئے گئے ۔اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پیشگی آگاہ کرنے کے باوجو د نو منتخب اراکین مہمانوں کے ہمراہ اسمبلی پہنچے جس کی وجہ سے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں غیر معمولی رش رہا جس کی وجہ سے سکیورٹی اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں