پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو بطور صدر نامزد کر دیا

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے منظوری دے دی ، میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 15 اگست 2018 15:55

پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو بطور صدر نامزد کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے صدارتی امیدوار کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو نامزد کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اگلے صدر پاکستان کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو نامزد کر دیا ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ڈاکٹر عارف علوی کے نام کی منظوری بھی دے دی ہے۔یاد رہے اس سے پہلے بھی ڈاکٹر عارف علوی کو بطور صدر نامزد کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

قومی اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹر عارف علوی جو حال ہی میں کراچی کے حلقہ این اے 247 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں انہیں صدر پاکستان بنایا جائیگا ۔ موجودہ صدر ممنون حسین کے عہدہ کی مدت 8 ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔جب کہ دوسری طرف آج پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی نتائج میں جیت کے بعد پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے اور تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد قیصر کامیاب ہوئے اور انہوں نے اس سخت مقابلے میں اپوزیشن کے اُمیدوار سید خورشید شاہ کو شکست دی۔ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی کے کُل 322 اراکین نے حلف لیا، اور 322 ارکان اسمبلی نے ہی ووٹ کاسٹ کیا۔ 322 ووٹس میں سے 8 ووٹ مسترد ہوئے ۔ ایاز صادق نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصافکے اُمیدوار اسد قیصر نے 176 جبکہ اپوزیشن اُمیدوار سید خورشید شاہ نے 146 ووٹس حاصل کیے۔ ایاز صادق نے نئے اسپیکر قومی اسمبلی کے طور پر اسد قیصر کے نام کا اعلان کر دیا۔ سبکدوش اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب اسپیکر اسمبلی سے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں