پنجاب کے نو منتخب اراکین اسمبلی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے انتخاب (کل) ہوگا

بدھ 15 اگست 2018 17:35

پنجاب کے نو منتخب اراکین اسمبلی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
لاہور۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) پنجاب کی 17ویں اسمبلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی نے بدھ کے روز بطور رکن اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے انتخاب کل ( جمعرات) کو ہوگا، نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کیلئے پہلا اجلاس مقررہ وقت دس بجے کی بجائے 45 منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال خان کی صدارت میں شروع ہوا ، مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین نے احتجاجاً بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے، تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ کے بعد سپیکر رانا محمد اقبال نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا جس کے بعد اراکین پنجاب اسمبلی نے ترتیب سے رول آف ممبر ز پردستخط کئے، اجلاس کے آغاز سے قبل پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے اراکین نعرے بازی بھی کرتے رہے ، پی ٹی آئی کے اراکین اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے جبکہ لیگی اراکین اسمبلی اک واری فیر شیر ، حمزہ ، حمزہ کے نعرے لگاتے رہے ، حمزہ شہباز کی آمد پر لیگی اراکین نے حمزہ ، حمزہ اور شیر شیر کے نعرے لگائے ، حکومت کی جانب سے سپیکر کے عہدے کیلئے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی آمد پر لیگی خواتین اراکین نے ان کیخلاف شدید نعرے بازی کی جس کے جواب میں (ق) لیگ کے اراکین نے پرویز الٰہی کے حق میں نعرے لگائے ، چوہدری پرویز الٰہی نے ایوان میں آمد کے بعد اراکین اسمبلی سے ان کی نشستوں پر جا کر مصافحہ کیا، ایوان میں جگہ نہ ہونے کے باعث متعدد اراکین اسمبلی ایوان کے حصے کے طور پر مختص گیلری میں بیٹھے اور وہیں حلف لیا ، ایوان میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں پر انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کے شیڈول کا اعلان بھی کیا گیا جبکہ دونوں عہدوں پر انتخاب آج بروز ( جمعرات ) خفیہ ووٹنگ کے ذریعے ہو گی، علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ، پنجاب اسمبلی کے اطراف کی شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے مکمل بند رکھی گئیں جبکہ قریب واقع عمارتوں پر سنائپرز تعینات رہے، نو منتخب اراکین اسمبلی کی سہولت اور معلومات کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کے داخلی دروازے کے ساتھ استقبالیہ ڈیسک قائم کیا گیا جہاں پر موجود افسران نو منتخب اراکین اسمبلی کی رہنمائی کرتے رہے جبکہ نو منتخب اراکین کو اسی ڈیسک سے کارڈز بھی جاری کئے گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں