نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے آغاز ہی خرید وفروخت سے کیا ،حمزہ شہباز شریف

ایک شخص جسے عدالت نے نااہل کیا وہ جہاز میں لوگوں کو لیے پھرتا تھا،میڈیا سے گفتگو

بدھ 15 اگست 2018 20:11

نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے آغاز ہی خرید وفروخت سے کیا ،حمزہ شہباز شریف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے آغاز ہی خرید وفروخت سے کیا ہے۔ جمہوریت کا حسن ہے کہ انتخابات ہوتے ہیں، اپوزیشن کرنا بھی (ن) لیگ کے لیے کوئی نئی بات نہیں، ہم جواں مردی سے اپوزیشن کریں گے، (ن) لیگ پنجاب میں اکثریتی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے آغاز ہی خرید وفروخت سے کیا ہے، ایک شخص جسے عدالت نے نااہل کیا وہ جہاز میں لوگوں کو لیے پھرتا تھا، عمران خان نے جو (ق) لیگ کی قیادت کے لیے کہا تھا میں وہ لفظ نہیں دہرا سکتا، گٹھ جوڑ اور مفاد کی سیاست کو لوگ اچھی نظر سے نہیں دیکھتے۔

پنجاب اسمبلی کے 17 ویں اجلاس کے شروع ہونے سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مشترکہ طور پر انتخابات کے نتائج کو مسترد کیا ہے تاہم جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے آج ہم حلف اٹھانے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں بد نظمی کے حوالے سے ہم اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے نمبر گیم پوری کرنے کے لیے اراکین کی خرید و فروخت کی اور ناہل رہنما اپنے جہاز میں اراکین کو خرید کر لاتے رہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم اپوزیشن ڈٹ کر کریں گے اور اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وہ اپنی بیمار بیوی کو چھوڑ کر عدالتی فیصلے کے مطابق اپنی بیٹی کے ساتھ قید جھیلنے کے لیے اس قوم کی خاطر واپس آئے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ میں آپ کو یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ عزت عہدوں سے نہیں بلکہ کام سے ملتی ہے اور مسلم لیگ ن نے اپنے کام سے ہی اندھیروں کو اجالوں میں بدلا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں