جشن آزادی کے موقع پرپاکستانی آرٹسٹ کا شاندار تھری ڈی آرٹ

وقاص احمد پاکستان کے پہلے تھری ڈی آرٹسٹ ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 19:30

جشن آزادی کے موقع پرپاکستانی آرٹسٹ کا شاندار تھری ڈی آرٹ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : گذشتہ روز پاکستان بھر میں جشن آزادی پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم کی پرچم کُشائی کے لیے تقاریب کا انعقاد کا گیا۔ پاکستانیوں اور عام عوام نے بھی اس دن کو اپنے اپنے انداز سے منایا لیکن سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری وقاص احمد نے جشن آزادی کے موقع پر ایک تھری ڈی آرٹ تیار کیا جسے دیکھ کر کوئی بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکا۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان تھری ڈی آرٹسٹ محمد وقاص نے جشن آزادی کے حوالے سے تیار کیا گیا اپنا تھری ڈی آرٹ قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سامنے نمائش کے لیے پیش کیا گیا جسے جشن آزادی منانے کے لیے نکلے شہریوں نےبے حد پسند کیا اور محمد وقاص کے اس قدر خوبصورت آرٹ کو خوب سراہا۔

(جاری ہے)

وقاص احمد پاکستان کے پہلے نوجوان تھری ڈی آرٹسٹ ہیں، جن کے کام کو کافی پسند کیا جاتا ہے۔

وقاص احمد نے دو سال قبل اپنے بہترین کام اور ٹیلنٹ کی وجہ سے ہی خبروں میں اپنی جگہ بنائی جس کے بعد ان کے آرٹ کو عوام کی جانب سے بھی کافی پذیرائی ملی۔ وقاص احمد اس سے قبل بھی کئی تھری ڈی آرٹ بنا چکے ہیں۔ وقاص کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل گذشتہ یوم آزادی پر بھی 3300 فُٹ کا ایک تھری ڈی آرٹ بنا چکے ہیں جسے انہوں نے لاہور کے علاقہ مسلم ٹاؤن میں نمائش کے لیے پیش کیا تھا۔

وقاص نے کہا کہ میں اس دنیا کا سب سے بڑا تھری ڈی آرٹ بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں جس کے لیے مجھے میرے لوگوں کا ساتھ چاہئیےتاکہ میں دنیا کا سب سے بڑا تھری ڈی آرٹ بنا کر اپنے ملک کا نام روشن کر سکوں۔ ان کے کام کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بلا شُبہ وقاص احمد پاکستان کے ایک اُبھرتے ہوئے آرٹسٹ ہیں جن کے کام کو پذیرائی ملنی چاہئیے کیونکہ وقاص احمد پاکستان کے پہلے تھری ڈی آرٹسٹ ہیں جن کو اپنے کام میں اس قدر مہارت حاصل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں