آصف زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے‘سعد رفیق

ملک میں نام نہاد حکومت بنائی جارہی ہے جس طرح عمران خان کے لیے دھاندلی کی گئی سب جانتے ہیں‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 اگست 2018 13:33

آصف زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے‘سعد رفیق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ہمیں آصف علی زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے،پیپلز پارٹی آئندہ ہمارا ساتھ دے گی ابھی بڑے مرحلے باقی ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ شہباز شریف وزارت عظمی کا الیکشن لڑیں گے،دھاندلی اور دھونس کے ذریعے ہر کام کیا جارہا ہے، کوئی گولی چلا رہا ہے اور کوئی دھونس جما رہا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق نے کہاکہ ملک میں نام نہاد حکومت بنائی جارہی ہے جس طرح عمران خان کے لیے دھاندلی کی گئی سب جانتے ہیں، بہروپیے کے روپ میں وزیراعظم ہائوس تو چلے گئے لیکن یہ روپ زیادہ نہیں چلنے والا، حکومت گرانے کی کوشش نہیں کریں گے تاہم ہم دیکھیں گے کب کب گورنر ہائوس کی دیواریں گریں گی۔

(جاری ہے)

سعد رفیق نے کہا کہ دھاندلی اور دھونس کے ذریعے ہر کام کیا جارہا ہے، کوئی گولی چلا رہا ہے اور کوئی دھونس جما رہا ہے، کراچی میں تحریک انصاف کے ایم پی اے نے سڑک پر ایک شخص کو مارا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر ملکی قرضے مت لینا تم اس کے خلاف تھے جب کہ ہم ایک کروڑ نوکری اور گھر بھی یاد کرواتے رہیں گے۔سابق وزیر ریلوے نے کہاکہ ہمیں آصف زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی آئندہ ہمارا ساتھ دے گی ابھی بڑے مرحلے باقی ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ شہباز شریف وزارت عظمی کا الیکشن لڑیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں