عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں ہوشربااضافہ ہوگیا ہے،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں‘میاں مقصود احمد

ہر گزرتے دن کے ساتھ عوامی مسائل میں اضافہ ہوتاچلاجارہاہے،نئی بننے والی حکومت سے عوام کو بہت سی توقعات ہیں‘عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 16 اگست 2018 20:48

عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں ہوشربااضافہ ہوگیا ہے،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں‘میاں مقصود احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں ہوشربااضافہ ہوگیا ہے۔کھانے پینے کی چیزوں کے نرخوں میں20فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں کاغذی کارروائیوں تک محدودہوکر رہ گئی ہیں۔مہنگائی کنٹرول کرنے کے تمام دعوے ہواہوچکے ہیں۔

غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر بدحال ہوچکے ہیں۔سبزیوں،پھلوں،چینی،گھی،چاول اور مصالحہ جات سمیت مختلف اشیا کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔نرخ کنٹرول کرنے کے حوالے سے منظم نظام موجود ہے لیکن حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عید الاضحی کی آمدکے ساتھ ہی ہر چیزمہنگی ہوگئی ہے۔ذخیرہ اندوزاور ناجائز منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور چیک اینڈ بیلنس رکھنے والے دیگر تمام اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے۔مسلسل بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مگر عوام کی فلاح وبہبود کے لیے امانت ودیانت رکھنے والے نمائندوں کافقدان ہے۔

70برسوں سے عوامی مسائل میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں اضافہ ہوتاچلاجارہاہے۔جب تک22کروڑ عوام کی زندگی میں آسودگی نہیں آتی تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور قومی ضروریات کابیشترحصہ زراعت سے ہی حاصل ہوتاہے،اس کے باوجوداشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ تشویش ناک امر ہے۔تحریک انصاف کی نئی بننے والی حکومت سے عوام توقعات لگائے بیٹھے ہیں۔عمران خان نے اپنی انتخابی مہم کے دوران قوم کو ریلیف دینے کے دعوے اور وعدے کیے تھے اب انہیں ان وعدوں کوپوراکرناچاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں