جعلی بینک اکاونٹس کیس کے ملزم انور مجید نے ایف آئی اے اہلکاروں پر چڑھائی کردی

بیٹے کو ہتھکڑی لگانے پر انور مجید نے ایف آئی اے اہلکار کو دھکا دیا اور اسے ہتھکڑی لگانے سے روک دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 16 اگست 2018 20:59

جعلی بینک اکاونٹس کیس کے ملزم انور مجید نے ایف آئی اے اہلکاروں پر چڑھائی کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اگست 2018ء) :جعلی بینک اکاونٹس کیس کے ملزم انور مجید نے ایف آئی اے اہلکاروں پر چڑھائی کردی۔ بیٹے کو ہتھکڑی لگانے پر انور مجید نے ایف آئی اے اہلکار کو دھکا دیا اور اسے ہتھکڑی لگانے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے چاروں صاحبزادے عبدالغنی، علی کمال، مصطفیٰ مجید اور قمر مجید بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے انور مجید کے وکیل شاہد حامد کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد کردی جب کہ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے انور مجید کو گرفتار کرنے کا کہا اور نا گرفتاری روکنے کے احکامات دیے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ایف آئی اے انور مجید کو گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لے، یہ اُسی کی صوابدید ہےکہ وہ کیا کرتی ہے۔جس پر انور مجید اور ان کے چاروں صاحبزادے کمرہ عدالت سے باہر نکلے تو ایف آئی اے نے انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی کو گرفتار کرلیا۔اس کے بعد آج جب ایف آئی اے اہلکار انور مجید اور انکے صاحبزادے کو لے کر کراچی پہنچے تو انور مجید نے ایف آئی اے اہکاروں پر چڑھائی کر دی۔

بیٹے کوہتھکڑی لگانے کی کوشش پر انور مجید سیخ پا ہوگئے،ایف آئی اےاہلکارکودھتکاردیا۔اس موقع پر انور مجید کا کہنا تھا کہ ہم کوئی ڈاکو نہیں جو ہمیں ہتھکڑی لگا رہے ہو۔اس موقع پر ایف آئی اے اہلکار کے ہاتھوں سے فائلیں زمین پر جا گریں۔یاد رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں