عمران خان، پی ٹی آئی اور ارکان کا دلی مشکور ہوں‘نیک نیتی سے احسن طور پر ایوان کو ساتھ لے کر چلیں گے،چودھری پرویزالٰہی

مل جل کر پاکستان، پنجاب، عوام کی خوشحالی، تحفظ اور انصاف کیلئے کام کرینگے‘ ایوان پاکستان کی سالمیت کے تحفظ اور وقار میں اضافہ کا ضامن ہو گا۔چودھری پرویزالٰہی پنجاب اسمبلی میں پہلا خطاب

جمعرات 16 اگست 2018 23:54

عمران خان، پی ٹی آئی اور ارکان کا دلی مشکور ہوں‘نیک نیتی سے احسن طور پر ایوان کو ساتھ لے کر چلیں گے،چودھری پرویزالٰہی
لاہور۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی اور اپنی جماعت کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے ن لیگ کے چودھری اقبال گجر کے 147 کے مقابلہ میں 201 ووٹ لے کر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپنے پہلے لیکن مدبرانہ خطاب میں کہا کہ میں سب سے پہلے اللہ رب العزت کا جو سب تعریفوں کا لائق ہے بے پناہ شکر ادا کرتا ہوں کہ اس کی رحمت اور فضل و کرم سے میں آج پنجاب کے اس معزز اور منتخب ایوان کا سپیکر منتخب ہوا ہوں، اس کے بعد میں اپنی اتحادی پارٹی کے سربراہ جناب عمران خان، پی ٹی آئی، اپنی پارٹی اور اظہار اعتماد کرنے والے تمام ارکان کا انتہائی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، سابق نائب وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر بلدیات نے 19 سال بعد دوبارہ سپیکر منتخب ہونے والے چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ جس منصب کیلئے مجھ پر اعتماد کیا گیا ہے میں کوشش کروں گا کہ اس کے تقاضوں کو پورا کر سکوں اور اس ایوان میں بیٹھے تمام معزز ارکان کے ساتھ برابری کا سلوک کر سکوں، یہ میرا ایمان ہے کہ جو منصب مجھے عطا کیا گیا ہے یہ صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی عنایت ہے اس لیے میں اس کرسی پر بیٹھے محسوس کرتا ہوں کہ میں ایوان میں موجود تمام ارکان اسمبلی کو جواب دہ ہوں، میں اپنے کردار سے ثابت کروں گا کہ میں پورے ہائوس کا کسٹوڈین ہوں اور تمام معزز ارکان پنجاب اسمبلی کے استحقاق کا خیال رکھنا میری اولین ترجیح ہو گی، ہم نے مل جل کر افہام و تفہیم، تدبر اور دور اندیشی کے ساتھ ایوان کو چلانا ہے، اس ملک اور صوبے کی عوام کی خوشحالی کیلئے عظیم تر جدوجہد کرنی ہے تاکہ کسی بھی طبقے میں محرومی نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف اپنے منشور پر بھرپور عمل کرتے ہوئے ملک اور صوبے کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی اور ہر پاکستانی شہری اس ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہوئے خوشحالی زندگی گزار سکے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ یہ ایوان پنجاب کا سب سے معزز اور با اختیار ادارہ ہے، یہاں پر کی گئی ایک ایک بات پر عوام کی نظر ہے اس لیے مجھے امید ہے کہ ہم اچھے پارلیمنٹرین کی طرح اسمبلی کی کارروائی احسن طریقے سے چلائیں گے اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے ہونے والی قانون سازی میں بھرپور حصہ لیں گے کیونکہ اچھے پارلیمنٹرین ہی ملک اور قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام معزز ارکان کو یقین دلاتا ہوں کہ رولز آف پروسیجر کے دائرے میں رہتے ہوئے میرا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہو گا اور اس ایوان کو چلانے کیلئے مجھے آپ کے تعاون، مشوروں اور رہنمائی کی بھی ضرورت ہو گی، میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے نیک مشوروں سے مجھے مستفید فرمائیں گے، میری پہلی ترجیح ہو گی کہ اس ایوان کے تقدس اور وقار کو بحال رکھا جائے اور میں ایوان کے تمام ارکان کے وقار اورعزت میں اضافہ دیکھنا چاہتا ہوں، مجھے اپنے رب العزت سے قوی امید ہے کہ اپنے اپنے منصب سے بہتر طریقے سے سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہماری تمام تر توجہ قوم کے بنیادی مسائل کی طرف ہو گی جس میں ان کے جان و مال کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے اور انصاف کے حصول کیلئے موثر اور جامع کردار ادا کریں گے اور اس حوالے سے قانون سازی کے عمل کو بھی تیز کریں گے اور ہم جمہوری روایات میں اہم کردار ادا کریں گے، انشاء اللہ ہمارا یہ ایوان پاکستان کی سالمیت، نظریہ پاکستان کے تحفظ اور پاکستان کے وقار میں اضافے اور احترام کا باعث بنے گا۔

میں آخر میں ایوان میں موجود سب ارکان کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، انشاء اللہ میں اپنے فرائض کی بجا آوری میں کوئی کمی نہیں کروں گا اور مل جل کر اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ پاکستان زندہ باہ، قائد اعظم پائندہ باد۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں