پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کا انتخاب ، رکن اسمبلی کے جوتے چوری ہو گئے

الیاس چنیوٹی نماز پڑھنے گئے تو جوتا چوری ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 اگست 2018 13:23

پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کا انتخاب ، رکن اسمبلی کے جوتے چوری ہو گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2018ء) : پنجاب اسمبلی میں گذشتہ روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہی ایک رکن اسمبلی نے جوتا چوری ہونے کی شکایت کر ڈالی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز رکن پنجاب اسمبلی الیاس چنیوٹی کے جوتے چوری ہوگئے ۔ الیاس چنیوٹی نے ہاؤس میں آ کر بتایا کہ میں اسمبلی کی مسجد میں نما ز پڑھنے گیا تھا، نماز پڑھ کر باہر نکلا تو دیکھا کہ میرے جوتے نہیں تھے ۔

الیاس چنیوٹی نے کہا کہ میرے مشہور کمپنی کے قیمتی جوتے چوری ہوگئے ،ایسا لگتا ہے اسمبلی میں تبدیلی آگئی ہے ۔ ایوان میں الیاس چنیوٹی نے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم جس کسی نے میر ے جوتے چوری کئے ہیں، واپس کردے۔ الیاس چنیوٹی کی اس بات پر ایوان میں زبردست قہقہے لگے ۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے گذشتہ روز کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ناشتے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مٹن، حلوہ پوری ، چنے اور لسی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء چودھری پرویزالٰہی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا حلف اُٹھایا۔ چودھری پرویز الٰہی سے حلف سبکدوش اسپیکر اسمبلی رانا اقبال نے لیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے201 ووٹوں سے اپوزیشن کے اُمیدوارکو شکست دی جبکہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوارچوہدری اقبال گجر کو147ووٹ پڑے۔

خفیہ رائے شماری میں 349 ارکان اسمبلی نے حصہ لیا۔ پرویز الٰہی کو اپوزیشن اُمیدوار کے مقابلے میں 54 ووٹ زیادہ ملے۔مسلم لیگ ن کے بھی 10ارکان اسمبلی نے چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ ڈالے جس پر مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے کی خبریں پھر سے گرم ہو گئیں۔یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں صرف 354 نومنتخب ارکان نے حلف لیا جبکہ چودھری نثار علی خان، میاں جلیل اور عظمیٰ قادری سمیت 5 ارکان نے تاحال حلف نہیں اُٹھایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں