وزیراعلیٰ پنجاب کے نامزد اُمیدوار عثمان بزدار کروڑوں مالیت کے اثاثوں کے مالک

عثمان بزدار کو پاکستان تحریک انصاف نے گذشتہ روز وزارت اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اُمیدوار نامزد کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 13:29

وزیراعلیٰ پنجاب کے نامزد اُمیدوار عثمان بزدار کروڑوں مالیت کے اثاثوں کے مالک
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) :پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کردہ اُمیدوار عثمان بزدار کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ روز پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے عثمان بزدار کو اُمیدوار نامزد کیا، عثمان بزدار کی نامزدگی پر عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے عثمان بزدار کے پسماندہ علاقہ سے تعلق اور ان کے گھریلو حالات پر بات کی اور کہاکہ ان کا تعلق ایک غریب علاقے سے ہے، اور وہ خود غربت دیکھ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عثمان بزدار کو اسی لیے وزیر اعلٰی پنجاب نامزد کیا ہے کیونکہ ان کا تعلق ایک پسماندہ علاقہ سے ہے اور وہ بہتر جانتے ہیں کہ پسماندہ علاقہ میں ترقی کیسے ہو گی اور وہاں عوام کی فلاح کے لیے کیا کیا کام کیے جانے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

سردار عثمان پاکستان کے وہ واحد ایم پی اے ہیں جن کے گھر میں بجلی نہیں ہے۔ انشاء اللہ ہماری نچلے طبقے کو اٹھانے سے متعلق جو ویژن ہے اس ویژن کو پورا کرنے میں عثمان بزدار جو کہ ایک ایماندار انسان ہیں، اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تاہم اب عثمان بزدار کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کردہ اُمیدوار عثمان بزدار لاکھوں نہیں ، کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ عثمان بزدار کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کے اثاثوں کی کُل مالیت ڈھائی کروڑ روپے ہے۔ دستاویزات میں بتایا گیا کہ ان کے پاس 24 لاکھ روپےمالیت کے 3 ٹریکٹر اور 36 لاکھ روپے مالیت کی 2 گاڑیاں ہیں۔

دستاویزات کے مطابق عثمان بزدار کے پاس 20 تولہ سونا اور50 ہزار روپے کا فرنیچر ہے جب کہ ان کے چار بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 3 انشورنس پالیسیاں بھی لے رکھی ہیں۔عثمان بزدار کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آتے ہی پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید شروع ہو گئی ہے، سیاسی ناقدین کا کہنا ہے کہ عمران خان کے مطابق عثمان بزدار ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے گھر بجلی نہیں ہے ، اگر ایسا ہی ہے تو ان کے کروڑوں روپے کے اثاثے کہاں سے آگئے۔ اس معاملے پر تاحال پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں