عثمان بزدارکیخلاف قتل کےمقدمے کا انکشاف

عثمان کیخلاف6 افراد کے قتل کا مقدمہ 1998ء میں درج ہوا، ڈی جی خان کی عدالت نے سزا سنائی،ملزمان نے75لاکھ دیت دے کررہائی حاصل کی تھی۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 18 اگست 2018 16:01

عثمان بزدارکیخلاف قتل کےمقدمے کا انکشاف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اگست 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکیخلاف قتل کے مقدمے کا انکشاف ہوا ہے،عثمان کے خلاف قتل کا مقدمہ 1998ء میں درج ہوا،عثمان بزدار سمیت ملزمان نے75لاکھ دیت دے کررہائی حاصل کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب کے کرپٹ ، قاتل اور اربوں پتی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

لیکن اس کے باوجود ان کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے لہذا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انہیں وزارت اعلیٰ پنجاب کیلئے نامزد کردیا ہے۔ اس سے قبل علیم خان جوکہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء ہیں ان کووزارت عظمیٰ کیلئے اس لیے نامزد نہیں کیا گیا تھا کہ ان کے نیب میں کیسز چل رہے ہیں۔ تاہم اب پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف قتل کے مقدمے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کیخلاف قتل کا مقدمہ 1998ء میں درج ہوا۔ ڈی جی خان کی عدالت نے 2000ء میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار سمیت ملزمان نے دیت دے کررہائی حاصل کی تھی۔ پولیس حکام کاکہنا ہے کہ 1998ء میں پولنگ کے دوران 6 افراد قتل کردیے گئے تھے۔عثمان بزدار، والد اور بھائی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ان سب کے خلاف قتل کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عثمان بزدار کے کزن صدام بزدار نے نیب میں درخواست بھی دائر کروا رکھی ہے،جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحصیل ناظم کے دور میں جعلی بھرتیاں کروائیں۔ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔ اسی طرح معلوم ہوا ہے کہ عثمان بزدار نے جمع کرائی گئی دستاویزات میں اپنے اثاثوں کی مالیت ڈھائی کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔

ان کے پاس 24لاکھ روپے مالیت کے 3ٹریکٹر اور 36 لاکھ روپے مالیت کی 2 گاڑیاں ہیں۔ دستاویزات کے مطابق عثمان بزدار کے پاس 20 تولہ سونا اور 50 ہزار روپے کا فرنیچر ہے جبکہ ان کے چار بینکوں میں اکائونٹس ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 3 انشورنس پالیسیاں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کیلئے پارٹی ویژن کے مطابق کام کروں گا۔

کرپشن اور بیڈ گورننس ختم نہ کرسکا توآئندہ الیکشن نہیں لڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں روزانہ بیٹھوں گا اور سب سے ملاقاتیں کروں گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ پنجاب کا وزیراعلی بنوں گا، عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پسماندہ علاقے کو نمائندگی دی۔انہوں نے کہا کہ ایسی کارکردگی دکھائیں گے جو ماضی میں کسی وزیراعلیٰ نے نہیں دکھائی ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں