پنجاب کے 23 ویں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کل ہوگا

تحریک انصاف کے سردار عثمان بزدار اور مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز مد مقابل

ہفتہ 18 اگست 2018 17:22

پنجاب کے 23 ویں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کل ہوگا
لاہور۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) پنجاب کے 23 ویں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کل ( اتوار کو) ہوگا ،تحریک انصاف کے سردار عثمان بزدار اور مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز مد مقابل ہیں۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ( اتوار) صبح 11بجے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت ہوگا جس میں پنجاب کے 23 ویںوزیر اعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر انتخاب کے لیے رائے شماری ڈویژن کے ذریعے ہو گی ۔ایوان میں پی ٹی آئی کے اراکین کی تعداد 176 اور اس کی اتحادی مسلم لیگ (ق) کے اراکین کی تعداد 10ہے دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی تعداد 162ہے جبکہ اس کے اس کے تین اراکین نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کے 7 ، راہ حق کا پارٹی کا ایک اورتین آزاد ارکان ہیںجن میں سے ایک آزاد رکن اسمبلی چوہدری نثار علی خان نے حلف نہیں اٹھایا۔

تحریک انصاف کی جانب سے سردار عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف سے ہوگا ۔سردار عثمان بزدار اور حمزہ شہباز شریف کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کر ادیے گئے ہیں۔ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی اوردیگر رہنمائوں کے ہمراہ خود اسمبلی سیکرٹریٹ آ کر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ حمزہ شہباز کے کاغذات نامزدگی میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے جمع کرائے ۔

سردار عثمان بزدار کوپنجاب اسمبلی آمد پر وزیر اعلیٰ کا پروٹوکول دیا گیا اور اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور رہنمائوں کی جانب سے اسمبلی آمد پر سردار عثمان بزدار کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ اراکین اسمبلی نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں