احتساب عدالت میں فواد حسن فواد کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

ہفتہ 18 اگست 2018 21:43

احتساب عدالت میں فواد حسن فواد کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) احتساب عدالت کے جج نے سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی ہے، نیب حکام نے فواد حسن فواد کو عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ دوران تفتیش فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق شواہد حاصل کیے ہیں، ملزم نے نجی کمپنی کے بنک میں غیر قانونی طور پر کام کیا، نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ سال 2014ء میں ایک پلازہ بننا شروع ہوا اور ایک ارب سے زائد کا قرضہ لیا لیکن فواد حسن فواد اور ان کی فیملی اس رقم کی حصول کے بارے میں بتانے سے قاصر ہیں، جس کمپنی کے نام پر پلازہ بنایا گیا اس کا ذریعہ آمدن نہیں ہے اس کمپنی کے اکائونٹ میں 19 کروڑ روپے کی رقم منتقل ہوئی جہانگیر صدیقی گروپ کے پلاور پلانٹ سے بھی 9 کروڑ منتقل ہوئے، نیب حکام کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کو تفتیش کے لئے نیب آفس طلب کیا ہے جبکہ میاں منشا اور شہزاد سلیم کو بھی طلب کر چکے ہیں لہٰذا ملزم سے مزید تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے جس پر عدالت نے ملزم کے ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں