چیف جسٹس نے سندھ سے رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ کی جانب سے شہری پر تشدد کے واقعے کاازخود نوٹس لے لیا

ہفتہ 18 اگست 2018 23:37

چیف جسٹس نے سندھ سے رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ کی جانب سے شہری پر تشدد کے واقعے کاازخود نوٹس لے لیا
لاہور۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ کی جانب سے شہری کو زدوکوب کیے جانے کے واقعے پر ازخود نوٹس لے لیا۔سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس نے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ اورشہری دائود چوہان کو تین روز میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

چند روز قبل کراچی کے حلقے پی ایس129سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما عمران علی شاہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہیں ایک شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ڈاکٹر عمران علی شاہ کو شہری پر تھپڑوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور اس دوران ان کے گارڈز بھی برابر میں کھڑے تھے۔جب ویڈیو سوشل میڈیا پر عوام کی توجہ کا مرکز بنی اور اس پر تنقید کی جانے لگی تو پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نے واقعے کی وضاحتی ویڈیو جاری کی اور عوام سے معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے مذکورہ شخص کو صرف دھکا دیا تھا جبکہ ویڈیو میں انہیں متعدد بار شہری پر تھپڑ مارتے ہوئے واضح طور پر دیکھا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں