نومنتخب حکمران ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے جراتمندانہ رویہ اختیار کریں،حافظ سعید

بیرونی قوتیں مذموم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہیں، ہمیں ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے،وفود سے گفتگو

اتوار 19 اگست 2018 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مفاد پرستی کی سیاست نے ملک کو بہت نقصان پہنچایاہے۔ سابقہ ادوار میں ڈالروں کے حصول کی خاطر بیرونی دبائو میں پالیسیاں مرتب کی جاتی رہیں۔ نومنتخب حکمران ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے جرأتمندانہ رویہ اختیار کریں۔

بیرونی قوتیں مذموم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار و افتراق کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دنیا میں فساد اور بگاڑ کی جڑ اللہ کے دین سے دوری ہے۔مسلمان ملکوں میں سازش کے تحت سیکولرازم اور لبرل ازم کوفروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

مسلمان اپنے مسائل حل کرنے کیلئے بیرونی قوتوں کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں۔ نبی اکرم ﷺ نے امت کو پورا دین دیا اور نماز، روزہ کی طرح سیاست کرنا بھی سکھایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وطن عزیز پاکستان لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا۔ہمیں اس ملک میں وہی نظام نافذ کرنا ہے جو اللہ کے رسول ﷺ نے مدینہ میں کیا تھا۔ اگر آج ہر طرف سے دشمن سازشیں کر رہے ہیں تو نبی اکرم ﷺ کے دور میں بھی یہ سب مسائل موجود تھے۔

اللہ کے نبی ﷺ نے ایسے حالات میں جس طرح سیاست کر کے دکھائی مسلم حکمرانوں کو بھی ملکوں و معاشروں کی اصلاح اور دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے وہی انداز اپنانا ہو گا۔ جو حکمران قرآن و سنت کے مطابق فیصلے کرنے والا اور اللہ کا فرمانبردار ہو گا وہ حکومتی امور میں غلطیوں سے بچتا رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ ملی مسلم لیگ پارٹی بازی کی بجائے وطن عزیز میں اتحادویکجہتی کی سیاست کرے گی۔

فرقہ واریت کے ناسور کو ختم کرنا ہو گا۔ہم سیاست کی اصلاح چاہتے ہیں۔نظریہ پاکستان اور خدمت انسانیت کی بنیاد پر میدان سیاست میں قدم رکھا۔انہوںنے کہاکہ ملکی ترقی اورمعیشت کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے کہ حکمران رب کی نافرنیاں ترک کر دیں۔امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل دین اسلام میں موجود ہے۔امیر جماعةالدعوة نے کہاکہ خدمت انسانیت اور مضبوط پاکستان ہماری سیاست کا بنیادی ایجنڈا ہے۔

اسلام دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت، لسانیت و صوبائیت پرستی پھیلانا اور وطن عزیز کونقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ ہم نے پاکستان میں دفاع کی بنیاد پر اتحاد ویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا اور بیرونی قوتوں کی مداخلت کے راستے بند کرنے ہیں۔ہم استحکام پاکستان کو اولیت دیتے ہیں۔قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں کلمہ طیبہ کی بنیاد پرمسلمان متحد ہوئے اور یہ ملک معرض وجود میں آیا اسی کلمہ کی بنیاد پرہی اب بھی مسلمان متحد و منظم ہو سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں