اُردو پوائنٹ پاکستان لاہورلاہور کی خبریںشہباز شریف نے کبھی بیرون ملک سفر سرکاری خرچے پر نہیں کیا نواز شریف ..

شہباز شریف نے کبھی بیرون ملک سفر سرکاری خرچے پر نہیں کیا

نواز شریف کی تنخواہ حیدرآباد کے ایک اسکول کو جاتی تھی ۔ عمر چیمہ کا انکشاف

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2018ء): معروف صحافی عمر چیمہ نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کوئی بیرونی سفر سرکاری خرچے پر نہیں کیا۔ یہ انکشاف عمر چیمہ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ ٹویٹر پیغام میں عمر چیمہ نے بتایا کہ شہباز شریف نے دس سال بحیثیت وزیر اعلٰی کبھی بیرونی سفر سرکاری خرچے پر نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے متعلق یہ معلومات پنجاب اسمبلی میں ق لیگ کے ممبر کے سوال پر فراہم کی گئی تھیں۔ شہباز شریف کی تنخواہ ایک ٹی بی اسپتال کو جاتی تھی جبکہ نواز شریف کی ماہانہ تنخواہ کا چیک حیدرآباد کے ایک سکول کو جاتا تھا ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل معروف صحافی سلیم صافی نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق ایک دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف وزیر اعظم ہاؤس میں اپنے اخراجات اپنی جیپ سے ادا کرتے تھے۔

(خبر جاری ہے)

سلیم صافی نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر عمران خان نے نواز شریف کے دور میں کیے جانے والے اخراجات کا ریکارڈ مانگا جس پر انہیں بتایا گیا کہ نواز شریف وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے تھے ، لیکن نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو یقین نہیں آیا جس پر انہیں بطور ثبوت سابق وزیراعظم نواز شریف کے چیکس دکھائے گئے۔ سلیم صافی کے اس دعوے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی تاہم اب صحافی عمر چیمہ نے بھی شہباز شریف اور نواز شریف کی تنخواہوں سے متعلق نیا انکشاف کر دیا ہے جس پر انٹرنیٹ صارفین نے تبصرے کرنا شروع کر دئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح احتساب عدالت میں پیشی کے بعد اڈیالہ جیل روانہ ہونے سےقبل عدالت کے باہر سابق وزیراعظم نواز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات خود اُٹھاتا تھا ، انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات کی ادائیگی خود کی ہے اور اس کے ثبوت چیکس کی صورت میں موجود ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں -

لاہور شہر کی مزید خبریں