نواز شریف کی والدہ شمیم بی بی بھی میدان میں آ گئیں

نواز شریف جب بھی وزیر اعظم بنے خرچہ ہم بھجواتے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 12:34

نواز شریف کی والدہ شمیم بی بی بھی میدان میں آ گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں خرچہ اپنی جیب سے ادا کرنے کا معاملہ گذشتہ دو روز سے زیر بحث ہے۔ گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ میں نے وزیر اعظم ہاؤس میں اپنے اور اہل خانہ کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے۔ تاہم اب سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بھی میدان میں آ گئی ہیں۔

نواز شریف کی والدہ نے کہا کہ میں اب کیاکہہ سکتی ہوں ، یہ سب میرے بیٹے کے پیچھے پڑ گئے ہیں، ان کو بس نواز ہی نظر آتا ہے؟میرے بیٹے نے نہ کرپشن کی نہ کوئی پیسہ کھایا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ محترمہ شمیم شریف نے کہا کہ نواز شریف جب جب وزیراعظم بنے ان کو ہر ماہ کا خرچہ ہم بھیجتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے کبھی نواز شریف کو کبھی بھی سرکاری کھانا کھانے نہیں دیا۔

وائس آف امریکہ کو انٹرویو دیتے ہوئے محترمہ شمیم بیگم نے کہا کہ میں نے اس سے قبل کبھی میڈیا سے بات نہیں کی۔ مجھے کبھی میڈیا سے بات کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔کبھی ایسے حالات نہیں تھے، ساری زندگی میں نے کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے کہ مجھے میڈیا سے بات کرنے کی ضرورت پیش آئے۔انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے پر جھوٹے الزامات لگ رہے ہیں۔ کلثوم نواز سے نواز شریف کے تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شمیم بیگم نے کہا کہ ان کے آپس میں بہت اچھے تعلقات ہیں، کبھی آپس میں جھگڑے نہیں ہوئے اور بیوی بھی فرمانبردار تھی ، خاوند بھی نیک تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیوی کی ہر بات کو پورا کرنے والا تھا اسی لیے ان کا کبھی جھگڑا ہوا ہی نہیں تھا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ کہہ چکی ہیں کہ میرے بیٹے پر جھوٹے الزامات لگا کر اسے گرفتار کیا گیا اور جیل میں ڈال دیا گیا۔ انہوں نے بارہا نواز شریف کی کرپشن کی بھی تردید کی اور کہا کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی اور نہ ہی کوئی پیسہ کھایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں