پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی جاتی امرا کی سکیورٹی سخت

سابق حکمرانوں کی رہائش گاہوں کا سکیورٹی پلان نئے سرے سے مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 13:10

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی جاتی امرا کی سکیورٹی سخت
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) : نئی حکومت آتے ہی سابق حکمرانوں کی رہائش گاہوں کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت سابق حکمرانوں کی رہائش گاہوں کی سکیورٹی سے متعلق نئے سرے سے پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی سابق حکمرانوں کی رہائش گاہ جاتی امرا را ئے ونڈ کا سکیورٹی پلان نئے سرے سے ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیا سکیورٹی پلان ممکنہ طور پر ضابطہ اخلاق کے مطابق تیار کیا جائے گا ۔ سکیورٹی پلان کے لیے سفارشات کی تیاری کی ذمہ داری کمشنر لاہور کو سونپی گئی ہے۔ صوبائی وزارت داخلہ ، آئی جی پنجاب اور دیگر سینئر حکام کے اعلٰی سطح کے اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم نوازشریف کی رہائش گاہ جاتی امرا کی حفاظت کے سلسلہ میں نیا سکیورٹی پلان مرتب کر نے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وفاقی وزارت داخلہ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کی سکیورٹی کو برقرار رکھنے کا حکم دیا اور کہا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سکیورٹی ویسی ہی رہے گی جیسے پہلے تھی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے اور اس حکم نامے میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، سی سی پی او لاہور اور دیگر ذمہ داروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا اور شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ کی سکیورٹی کے لیے بھی ایک اور پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر مشاورت جاری ہے ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی رہائش گاہوں کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں