سابق وزیراعظم محمدنواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے پاکستان پہنچادی گئی

جمعہ 14 ستمبر 2018 12:01

سابق وزیراعظم محمدنواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے پاکستان پہنچادی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) سابق وزیراعظم محمدنواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے پاکستان پہنچادی گئی،سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی صبح 6 بج کر 50 منٹ پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہور پہنچا،لندن سے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ، اسماء نواز، عثمان ڈار اور حسین نواز کے دو بیٹوں سمیت خاندان کے 14 افراد ‘سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات لاہور پہنچیں۔

لاہورایئرپورٹ پر پہلے سے موجود حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور جنید صفدر نے بیگم کلثوم نواز کی میت وصول کی جس کے بعد میت کو سخت سکیورٹی حصار میں شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا پہنچا دیا گیا جہاں صرف شریف خاندان کے افراد ہی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

سابق خاتون اول کی میت شریف میڈیکل سٹی لائی گئی جہاں نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے مرحومہ کا آخری دیدار کیا۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام جاتی امرا کے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ہی ادا کی جائے گی اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔نماز جنازہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، جناز گاہ میں صفحوں کی نشاندہی کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں جب کہ لاؤڈ اسپیکر بھی نصب کردیے گئے ہیں۔ شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جہاں لیگی کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔

بیگم کلثوم نواز کو سسر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ رسم قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امراء میں ہوگی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جاتی امرا میں اپنے بھتیجے سلمان شہباز، نواسے جنید صفدر کے ہمراہ سخت سکیورٹی میں شریف میڈیکل سٹی میں بیگم کلثوم کی نمازجنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے اس موقع پر منتظمین کو ہدایت کی کہ انتظامات بہترین ہونے چاہئیں، جنازے میں شریک کسی فرد کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے اپنے والد اور بھائی کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے کینسر میں مبتلا تھیں اور اسی موذی مرض سے لڑتے لڑتے بدھ کو خالق حقیقی سے جاملی تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں