بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرتعزیت ،نواز شریف اور آصف علی زرداری جیل کی باتیں کرتے رہے

جیل میں تھا تو والدہ بیمار تھیں، پیرول مل رہا تھا لیکن نہیں لیا۔ آصف زرداری کی گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 ستمبر 2018 11:42

بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرتعزیت ،نواز شریف اور آصف علی زرداری جیل کی باتیں کرتے رہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2018ء) : سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے گذشتہ روز جاتی امرا کا دورہ کیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ جاتی امرا آنے والے پیپلز پارٹی کے وفد میں میں آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر شامل تھے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری جیل کی باتیں کرتے رہے۔ سابق صدر آصف زرداری اورسابق وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات کے دوران جیل کی باتیں ہوتی رہیں۔آصف زرداری نے نوازشریف سے کہا کہ جب میں جیل میں تھا تو میری والدہ بیمار تھیں۔ مجھے پیرول مل رہا تھا لیکن میں نے نہیں لیا۔

(جاری ہے)

بہن کے کہنے پر بعد میں پیرول لیا اور والدہ کے پاس اسپتال گیا۔

جیل سے اسپتال پہنچا تو والدہ کی طبیعت بگڑ چکی تھی ۔آخری مرتبہ والدہ کی آنکھ سے ٹپکا آنسو آج بھی تکلیف دیتا ہے ۔ نوازشریف نے سابق صدر سے ملاقات میں کہا کہ میں عملی طور پر قید تنہائی میں ہوں۔میری بیرک کے ساتھ والے تمام کمرے خالی رہتے ہیں۔ بیٹی سے بھی ہفتے میں ایک مرتبہ ہی ملتا ہوں۔داماد سے بھی ہفتے میں ایک مرتبہ ملاقات ہوجاتی ہے ۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد جاتی امرا سے روانہ ہو گئے جبکہ اس کے بعد پیپلز پارٹی کے اراکین اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں سیاسی امور پر ہلکے پھلکے انداز میں تبادلہ خیال ہوا لیکن اس نشست میں کوئی بڑی سیاسی پیشرفت نہیں ہوئی تاہم اپوزیشن مضبوط بنانے پر کچھ جملے بولے گئے ۔ ذرائع کے مطابق صدارتی انتخاب میں دونوں جماعتوں میں پیدا ہونے والا اختلاف تاحال برقرار ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں