نواز شریف اور مریم نواز کی کیا حالت ہے ؟

معروف صحافی نے نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کا احوال بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 12:25

نواز شریف اور مریم نواز کی کیا حالت ہے ؟
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی عارف نظامی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد بھی سابق وزیراعظم نواز شریف نے خود کو بہت متحمل رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی نواز شریف سے ملاقات کے لیے گیا ، پہلے دن جب تعزیت کے لیے 4 سے 6 بجے کا وقت دیا گیا تو اُس دن کافی زیادہ لوگ جاتی امرا آئے جس کےبعد نواز شریف اندر چلے گئے اور کافی لوگوں سے ملاقات بھی نہیں کی ۔

میں نے نواز شریف صاحب کو دیکھا وہ جیسے تصاویر میں نظر آ رہے تھے اُس سے بالکل مختلف تھے ، انہیں بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دُکھ تو تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے خود کو مربوط رکھا ہوا تھا یہی وجہ ہے کہ وہ بیگم کلثوم نواز کے جنازے پر خود ہی گاڑی چلا کر آئے ، اس سے انہوں نے ایک پیغام بھی دیا، ہو سکتا ہے کہ اس کا انہیں کوئی سیاسی فائدہ بھی ہو۔

(جاری ہے)

عارف نظامی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تعزیت کرنے کے لیے جب میں جاتی امرا گیا تو میری مریم نواز سے بھی ملاقات ہوئی۔ وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکی تھیں اور جذباتی طور پر کافی کمزور لگ رہی تھیں کیونکہ انہیں والدہ کے انتقال کا کافی صدمہ تھا۔ یاد رہے کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی دی گئی تھی، رہائی کی مدت گذشتہ روز شام 4 بجے ختم ہوئی جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو لاہور ائیر پورٹ کے حج ٹرمینل سے نور خان ائیر بیس منتقل کیا گیا اور بعد ازاں قافلے کی صورت میں انہیں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں