بھارت نے پاکستانی سرحد پر جدید باڑ لگانا شروع کردی

بھارت نے اسرائیل کی طرز پرپاکستان کے ساتھ اسمارٹ فینس کا کام شروع کردیا، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جدید باڑکا افتتاح کیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 18 ستمبر 2018 13:12

بھارت نے پاکستانی سرحد پر جدید باڑ لگانا شروع کردی
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 18ستمبر 2018ء ) : بھارت نے اسرائیل کی طرز پر پاکستان کی ساتھ موجود سرحد پر سمارٹ باڑ لگاناشروع کردی۔تفصیلات کے مطابق غربت اور مفلسی میں پستی عوام کے وطن بھارت کا جنگی جنون انتہاء کو چھونے لگا۔ اپنے عوام کی غربت و بدحالی کے قطع نظر بھارت دنیا پر حکمرانی کے خواب دیکھنے میں مست ہے اور اسلحے کی دوڑ میں دنیا بھر سے آگے نکلنے کی فکر میں رہتا ہے۔

تاہم دوسری جانب اسے اپنی جارحانہ پالیسی سے قطع نظر اپنی سرحدیں محفوظ بنانے کا بھی جنون ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ اسمارٹ فینس کا کام شروع کردیا۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جدید باڑکا افتتاح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیل کے اپنے ایک دورے کے دوران اس طرح کی ٹیکنالوجی کو استعمال میں دیکھا تھا اور اب اسے بھارت میں بھی آزمایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے جموں علاقے میں بھارت - پاکستان سرحد پر ایک نئی فینسنگ کے دو آزمائشی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ بھارت کے سرحدی حفاظتی دستے بارڈر سیکیورٹی فورس کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس اسمارٹ فنسینگ میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ بھارتی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کو نقائص سے پاک بنانا بہت اہم ہے۔

بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ آزمائشی طور پر شروع کئے گئے ان دو منصوبوں سے سرحد کے ساڑھے پانچ کلو میٹر حصوں کا احاطہ ہو گا۔ یہ بھارت میں اپنی نوعیت کا پہلا اعلیٰ ٹیکنالوجی کا نگرانی کرنے والا سسٹم ہے جو ان کے بقول زمین، پانی اور یہاں تک کہ ہوا اور زیرِ زمین بھی ایک نہ دکھائی دینے والی برقیاتی رکاوٹ پیدا کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پوشیدہ باڑ سرحد پار سے بالخصوص انتہائی دشوار علاقوں سے در اندازی اور دوسری غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کی کوششوں میں مددگار ثابت ہو گی۔

بی ایس ایف عہدیداروں کے مطابق اس نئی باڑ میں نگرانی کے لئے اسٹیٹ آف دی آرٹ سرویلنس ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو زمین کے اوپر سے یا سرنگوں کے ذریعے کی جانے والی در اندازی کے بارے میں فوری اطلاع دے گی۔باڑ میں تھرمل امیجر، انفرا ریڈ اور لیزر پر مبنی چوکس کرنے والے آلات نصب ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں