بغیر ہیلمٹ سفر پرایک ہزار روپے جرمانے کے حکم ،

شہریوں نے ہیلمٹ کی خریداری کیلئے مارکیٹوں کا رخ کر لیا دکانداروں نے قیمتوںمیں کئی گنا اضافہ کر دیا ،شہری محفوظ ہیلمٹ کی بجائے جرمانے سے بچنے کیلئے ناقص ہیلمٹ خریدنے کو ترجیح دینے لگے

منگل 18 ستمبر 2018 16:23

بغیر ہیلمٹ سفر پرایک ہزار روپے جرمانے کے حکم ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے بغیر ہیلمٹ سفر کرنیوالے موٹر سائیکل سواروں کو ایک ہزار روپے جرمانے کے حکم کے بعد شہریوں نے ہیلمٹ کی خریداری کیلئے مارکیٹوں کا رخ کر لیا ، مانگ میں اضافہ دیکھتے ہوئے دکانداروںنے قیمتوںمیں کئی گنا اضافہ کر دیا ،شہری محفوظ ہیلمٹ کی بجائے صرف جرمانے سے بچنے کیلئے ناقص ہیلمٹ خریدنے کو ترجیح دینے لگے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہو رہائیکورٹ کی جانب سے 23ستمبر سے مال روڈ پر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروںکیلئے ہیلمٹ کولازمی قرار دینے اور خلاف ورزی پر ایک ہزار روپے جرمانے کے حکم کے بعد شہریوں نے ہیلمٹ کی خریداری شروع کر دی ہے اور مارکیٹوں میں انتہائی رش دیکھنے میں آرہا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دکانداروںنے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں بلا جواز کئی گناہ اضافہ کردیا ہے ۔

عام دنوںمیں 600سے 700میں فروخت ہونے والے ہیلمٹ کی قیمت 1000سے 1200روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 1000سے 1500روپے والے ہیلمٹ کی 1400سے 2000ہزار روپے تک قیمت مانگی جارہی ہے ۔ مارکیٹ میں دکاندار ’’انڈین ہیلمٹ ‘‘کے نام سے بھی فروخت کر رہے ہیں جس کی مضبوطی کی وجہ سے قیمت 2000روپے تک طلب کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب شہری قیمتیں بڑھنے کے بعد محفوظ ہیلمٹ کی بجائے صرف جرمانے سے بچنے کے لئے انتہائی ناقص میٹریل سے بنے ہوئے ہیلمٹ خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں جس کی قیمت 400سے 500روپے تک ہے ۔شہریوںنے لاہور ہائیکورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیلمٹ کی قیمتوں میں بلا جواز اضافے پر از خود نوٹس لیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں