عمران خان کی حکومت نے ایک ماہ میں ہی عوام کی چیخیں نکلوا دیں ،

سلیکٹ حکومت کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو بھینسوں ،گاڑیوں کی نیلامی کا ڈرامہ اور سادگی کی شوبازی سے ملک نہیں چلا کرتے‘پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات کا منی بجٹ پر ردعمل

منگل 18 ستمبر 2018 16:30

عمران خان کی حکومت نے ایک ماہ میں ہی عوام کی چیخیں نکلوا دیں ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک ماہ کی حکومت سے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، لوگوں کو سبز باغ دکھانے والوں نے آتے ہی ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں،ایک طرف مہنگائی کی جا رہی ہے تو دوسری طرف ترقیاتی بجٹ کم کیا گیا ہے۔ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے منی بجٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف حکومت نے معیشت تباہ کی، عمران خان سرکار معیشت کا بیڑا غرق کر دے گی،سلیکٹ حکومت کی کوئی معاشی پالیسی ہے، خارجی نہ داخلہ پالیسی ہے، ایک ماہ میں حکومت نے پورا زور سویلین مناصب کو بے توقیر کرنے پر لگایا ہے، بھینسوں اور گاڑیوں کی نیلامی کا ڈرامہ اور سادگی کی شوبازی سے ملک نہیں چلا کرتے، غریب عوام پر بوجھ ڈال کر کہتے ہیں کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جا رہا ، بتایا جائے گھریلو ہو کہ صنعتی گیس کی قیمت بڑھنے کا بوجھ عوام پر کیسے نہیں پڑے گا۔

(جاری ہے)

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمنی پہلے ماہ میں ہی کھل کر سامنے آچکی ہے، ایک طرف عوام دشمن اقدامات تو دوسری طرف وفاق کو کمزور کرنے کے اعلانات ہو رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے اعلانات براہ راست وفاق پر وار ہیں، حکومت ہوش کی ناخن لے، عوام اور وفاق دشمن اقدامات کی مزاحمت کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں