صوبائی وزراء اعجاز عالم اور راجہ بشارت کی یورپی یونین پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات،انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے قوانین بارے تفصیلی تبادلہ خیال

صوبائی سطح پر اقلیتوں کی حفاظت کے ساتھ خواتین کو تحفظ دینے کے لئے وزارتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ‘ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ملتان میں اپنی نوعیت کا پہلا داد رسی سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ‘ اعجاز عالم / راجہ بشارت

جمعرات 20 ستمبر 2018 16:15

صوبائی وزراء اعجاز عالم اور راجہ بشارت کی یورپی یونین پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات،انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے قوانین بارے تفصیلی تبادلہ خیال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزراء انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت یورپی یونین پارلیمنٹ کے نمائندگان کے ساتھ 90شاہراہ قائد اعظم لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔یورپی یونین کے وفد کو محکمہ انسانی حقوق کی جانب سے صوبہ بھر میں انسانی حقوق بالخصوص اقلیتوں کے حفاظت بارے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صوبائی وزراء نے وفد کو عمران خان کے وژن بارے بتاتے ہوئے پاکستان بھر میں چائلڈ لیبر،خواتین پر تشدد،مزدوروں کے حقوق کے لئے قوانین،اقلیتوں کی حفاظت وغیرہ کو یقینی بنانے کے اقدامات بارے روشنی ڈالی ۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم نے وفد کو بتایا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور صوبائی سطح پر اقلیتوں کی حفاظت کے ساتھ خواتین کو تحفظ دینے کے لئے وزارتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ ان کے مسائل پر مکمل توجہ دی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ پنجاب میں پہلی مرتبہ تاریخ میں انسانی حقوق کی پالیسی 2018نافذ کی گئی ہے جو کہ پاکستان بھر میں کسی بھی صوبہ کا پہلا اعزاز ہے،اس کے علاوہ ٹریٹی امپلی مینٹیشن سیلز کا قیام بھی عمل میں لانے کے ساتھ ہندو میرج ایکٹ اور سکھ میرج ایکٹ کو بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ اقلیتی طلباء کو ایجوکیشن اسکالرشپ کے ساتھ نوکریوں میں 5فیصد کوٹہ مقرر ہے تاکہ اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے وفد کو بتایا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ملتان میں اپنی نوعیت کا پہلا داد رسی سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور بھٹوں پر کام کرنے والے بالخصوص بچوں کے لئے موثر قانون سازی کی گئی ہے تاکہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرواکر ان کا مستقبل روشن کیا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور جیسے گنجان آباد شہر میں سیف سٹی کا منصوبہ پوری کامیابی سے چل رہا ہے جسکو مزید شہروں میں بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے بعد ازاں وفد کو لاہور سیف سٹی کے دورے کی دعوت دی جسکو وفد نے قبول کرلیا۔یورپی یونین کے وفد نے پنجاب میں قائم انسانی حقوق کی وزارت کی تعریف کی اور موثر قانون سازی کو بے حد سراہا۔وفد نے انسانی حقوق کے تحفظ اور اقلیتوں کیلئے مزید کاوشوں بارے مستقبل میں اپنے بھرپور کردار کا یقین دلایا۔اجلاس میں یورپی یونین پارلیمنٹ کے مسٹر ہنس اولاف ہینکل،بیرونیس نوشینہ،الرئیک ٹریبیوسس،برنڈ کولمل،سٹیفن ووڈرڈ اور مائیکل اسٹراس کے ساتھ ہوم سیکرٹری پنجاب نسیم نواز،سیکرٹریز انسانی حقوق و اقلیتی امور عاصم اقبال،پراسیکیوشن سے ڈاکٹر شہزاد،لاء ڈیپارٹمنٹ سے صلاح الدین اور ڈائریکٹر انسانی حقو ق محمد یوسف کے علاوہ دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں