کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا ،ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیںگے‘عثمان بزدار

ماضی میں زبانی جمع خرچ سے کام چلایاگیا، تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے عوام کو ان کا حق لوٹا کر دم لے گی عام آدمی کے مسائل کا پورا ادراک ہے،عوامی مسائل کے حل کیلئے روڈمیپ تیارکرلیاگیاہے‘وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 20 ستمبر 2018 17:34

کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا ،ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیںگے‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداروں نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوںاور عوامی مسائل کے حل کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی اور اس سلسلے میں 100 روز میں عوام کو ریلیف کا احساس دلانے کیلئے شب و روز کوشاں ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا ،ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیںگے۔ماضی میں زبانی جمع خرچ سے کام چلایاگیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے عوام کو ان کا حق لوٹا کر دم لے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی اورکفایت شعاری کی مثال قائم کی ہے۔ صوبہ پنجاب اپنے کپتان کی توقعات کو پورا کرے گا۔میں پسماندہ علاقے سے آیا ہوں اورعام آدمی کے مسائل کا پورا ادراک ہے۔

عوامی مسائل کے حل کیلئے روڈمیپ تیارکرلیاگیاہے ۔عوام کے ساتھ درد کا رشتہ ہے اور ہمارے دکھ سانجھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اوران کے مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر یاسر ہمایوں سرفراز، اراکین اسمبلی محمد طارق تارڑ، فدا حسین وٹو، سعیداحمد سعیدی ، پی ٹی آئی رہنماء فردوس عاشق اعوان،نائب صدر خواتین ونگ سیما انوار،چوہدری اشفاق اورچوہدری کاشف شامل تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں