واقعہ کربلا حق سچ پر ڈٹ جانے اور ظلم کیخلاف مظلوم کا ساتھ دینے کاپیغام دیتاہے‘میاں مقصود احمد

یوم عاشورہ پرعوام کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 20 ستمبر 2018 19:21

واقعہ کربلا حق سچ پر ڈٹ جانے اور ظلم کیخلاف مظلوم کا ساتھ دینے کاپیغام دیتاہے‘میاں مقصود احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ شہدائے کربلا نے عظیم قربانیاں دے کر اسلام کو زندہ کیا۔ہمیں اس واقعے سے حق سچ پر ڈٹ جانے کا سبق ملتاہے۔ظلم کے خلاف مظلوم کا ساتھ دینا بہترین جہاد ہے۔نوجوان جذبہ حسینیؓ سے سرشار ہوکر باطل قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں تو دشمنوں کی تمام چالوں کو ناکام بنایاجاسکتا ہے۔

آج بھی کفار چاروں اطراف سے اسلام کے نام لیوائوں پر حملہ آور ہیں ان کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سانحہ کربلاسے ہمیں جرات،بہادری اور احکامات خداوندی کی خاطر کٹ مرنے کا درس ملتاہے ۔انہوں نے کہاکہ کفار کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

(جاری ہے)

اسلام اس دنیا میں غالب ہونے کے لیے آیا ہے اور اس کے پیروکار ضرور کامیاب ہوں گے۔

ہمیں دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یہودونصاریٰ اول دن سے اسلام کے خلاف برسرپیکار ہیں،نہ پہلے انہیں کامیابی ملی اور نہ ہی انشاء اللہ آئندہ ملے گی۔اللہ تعالیٰ کاوعدہ ہے کہ وہ دنیا میں اسلام کا بول بالاکرے گا اور کافروں کوان کی سازشوں میں ناکام بنا دے گا۔واقعہ کربلاعدل وانصاف کے لیے جدوجہد کرنے کا ایک روشن پیغام کانام ہے۔

ظلم کے خلاف کھڑے ہونا ہی شہدائے کربلا کامقصد تھا جو کہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ہمیں ایک دوسرے کے لیے ایثار وقربانی کاجذبہ پیداکرنا ہوگا اسی میں دنیا و آخرت میں بھلائی پوشیدہ ہے۔اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جو ہمیں آپس میں بھائی چارے کے فروغ پر زور دیتا ہے۔میاں مقصواحمد نے مزید کہاکہ یوم عاشورہ کوفول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے جانے چاہئیں۔جلسے جلوسوں کی ہر طرح سے نگرانی کویقینی بنایاجائے۔کسی بھی قسم کے کوئی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات ہونے چاہئیں۔عوام کے جان ومال کاتحفظ ہر طرح سے مقدم ہونا چاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں