حضرت امام حسین ؓ نے حق و صداقت کیلئے ڈٹ جانے کا درس دیا‘چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی

ملک و ملت کی سربلندی کیلئے شبیری کردار ہمیشہ مشعل راہ رہے گا، عظیم مقاصد کیلئے عظیم قربانی دینے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:42

حضرت امام حسین ؓ نے حق و صداقت کیلئے ڈٹ جانے کا درس دیا‘چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ، جگر گوشہ بتول رضی اللہ عنہا، حضرت امام حسین ص نے اہل بیت اطہار ث کے ہمراہ عظیم ترین قربانی دے کر نہ صرف ملت اسلامیہ بلکہ بنی نوع انسان کو حق و صداقت کیلئے ڈٹ جانے اور کسی مشکل، تکلیف، دکھ اور رنج و غم کو خاطر میں نہ لانے کا درس دیا ہے جو کہ پوری انسانیت کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی ملک و ملت کی سربلندی اور درپیش چیلنجز کے مقابلہ کیلئے شبیری ص کردار اپنانا چاہئے کیونکہ سانحہ کربلا سے یہ درس بھی ملتا ہے کہ عظیم مقاصد کیلئے عظیم قربانی دینے والے زندہ و جاوید ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یوم عاشور پر اپنے پیغامات میں انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں نے ہمیں یہ سبق بھی دیا ہے کہ دشمن کی تعداد، قوت اور آلات حرب کو خاطر میں نہ لائیں، آج مسلمانوں باالخصوص ہر پاکستانی کا فرض بنتا ہے کہ وہ عظیم شہداء کربلا کے کردار، ایثار و اتحاد کو مشعل راہ بنائے اور اپنے تمام فروعی و سیاسی اختلافات ختم کر کے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، نظم و ضبط اور رواداری و ایثار کا مظاہرہ کیا جائے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو پاکستان کی سلامتی و یکجہتی کے تحفظ، بہتری، ترقی و خوشحالی اور غریب و عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائیں کیونکہ حضرت امام حسین ص اور ان کے عظیم المرتبہ ساتھیوں کے حضور خراج عقیدت پیش کرنے کا یہی سب سے بہترین طریقہ ہے کہ ہم ان کے عمل و اقوال کو مشعل راہ بنائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں