کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہو گئی

کیپٹن (ر) صفدر نے طبیعت خراب ہونے پر علاج کے لیے ڈاکٹرز سے رجوع کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:49

کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2018ء) : جاتی امرا میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کو معدے میں شدید تکلیف ہوئی جس پر ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ کیپٹن (ر) صفدر نے طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹرز سے رجوع کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اڈیالہ جیل میں بھی کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہوئی تھی۔

کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہونے پر راولپنڈی ڈسٹرکٹ اسپتال سے ڈاکٹرز کا عملہ اڈیالہ جیل پہنچا اور اڈیالہ جیل میں ڈاکٹرز کیپٹن (ر) صفدر کا طبی معائنہ کیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر پیٹ کی تکلیف کی وجہ سے بیمار ہوئے۔  یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نیب عدالت نے سزا دی تھی جس کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلے میں نوازشریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا جب کہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر پرکوئی جُرمانہ عائد نہیں کیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو 9 جولائی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ کیپٹن (ر) صفدر 74 دن اڈیالہ جیل میں قید رہے ۔

تینوں مجرموں نے سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کیں، جن کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں مجرموں کی سزا معطل کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے تینوں قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا جس کے بعد انہیں خصوصی طیارے سے لاہور لایا گیا جہاں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل میں ہی مقیم ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کی آج جاتی امرا میں طبیعت خراب ہوئی، کیپٹن (ر) صفدر کو معدے میں شدید تکلیف ہوئی جس پر انہوں نے ڈاکٹرز سے رجوع کر لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں