پاکستان ایٹمی قوت، جنگ کیلئے تیار ہے، پاک فوج

بھارتی آرمی چیف کا بیان غیرذمہ درانہ ہے، بھارت داخلی دباؤ میں آکرکوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس کا ان کوخود نقصان اٹھانا پڑے، امن کی خواہش کوکمزوری نہیں سمجھنا چاہیے،مس ایڈونچر ہوا توقوم کومایوس نہیں کریں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 22 ستمبر 2018 18:50

پاکستان ایٹمی قوت، جنگ کیلئے تیار ہے، پاک فوج
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 ستمبر 2018ء) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی فوج کوخبردار کیا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ملک ہے اور جنگ کیلئے تیار ہے، بھارتی آرمی چیف کا بیان نامناسب ہے، بھارت داخلی دباؤ میں آکر کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس کا ان کوخود نقصان اٹھانا پڑے، امن کی خواہش کوکمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف بیان پربھرپور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کودہشتگردی کا شکار بنایا گیا۔ لیکن پاکستان کامیابی کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن قائم کیا ہے۔ بھارتی فوج کوچاہیے کہ بھارت کے اندرونی معاملات کوہمارے کندھوں پررکھ نہ چلائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ایک سیاسی جدوجہد کا سامنا ہے۔ کشمیر میں آزادی کی تحریکوں کووہ دبا نہیں پا رہے۔ بھارتی حکومت کوکرپشن چارجزکا بھی سامنا ہے۔ بھارتی فوج اپنی ملکی سیاست میں گھری ہوئی ہے۔ ان تمام چیزوں کارخ موڑنے کیلئے یہ سب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستانی وزیراعظم نے بھی مذاکرات کی پیشکش کی لیکن انہوں نے پہلے قبول کیا پھر انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ مذاکرات سے بھاگا۔ انہوں نے بی ایس ایف اہلکاروں کی ہلاکت اور برہان وانی کے ڈاک ٹکٹ کے اجراء کے حوالے سے کہا کہ بھارتی حکومت ٹکٹوں کا بہانہ بنا رہی ہے۔ ٹکٹ نگراں حکومت نے جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی سپاہی کی بے حرمتی نہیں کرسکتے چاہے وہ سپاہی کسی دشمن ملک کا ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارتی آرمی چیف نے بیان دیا۔

بھارتی آرمی چیف کا بیان نامناسب اور غیرذمہ درانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جودنیا کوامن کی طرف لیکرجانا چاہتا ہے۔ پاک فوج پروفیشنل فوج ہے۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور ہم جنگ کیلئے تیار ہیں لیکن ہم دنیا کوامن کی طرف لے کرجانا چاہتے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اگرمس ایڈونچر ہوگا توپاکستان جواب کیلئے تیار ہے۔ اگرصبر کا امتحان لیا گیا تو قوم کومایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو امن کو خراب نہیں کرنا چاہیے۔ انڈین آرمی چیف کوبھی سمجھنا چاہیے کہ ہمیں امن کی طرف چلنا چاہیے، امن کوخراب نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن کسی کی امن کی خواہش کوکمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کودہشتگردی کا شکار بنایا گیا۔ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے۔پاکستان امن پسند ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلے بھی سرجیکل اسٹرائیک کا ڈھونگ رچایا تھا۔ بھارتی فوج کوسرجیکل اسٹرائیک کا جواب اپنی پارلیمنٹ کودینا چاہیے وہ اپنی اسمبلی کوبھی جواب نہیں دے پارہے۔انہوں نے کہا کہ خبردار کرتے ہیں کہ بھارت داخلی دباؤ میں آکر کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس کا ان کوخود نقصان اٹھانا پڑے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں