اوور سیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی‘گورنر پنجاب

سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی قابل تعریف ہے اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے او پی سی اہم کردار ادا کررہا ہے‘چوہدری محمد سرور کو ڈی جی عثمان انور کی بریفنگ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 19:20

اوور سیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی‘گورنر پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دل پاکستان کے لئے دھڑکتے ہیںاور ان کی تمام سوچوں کا محور اپنی سر زمین کو خوب سے خوب تر بناناہے، سمندر پار مقیم پاکستانی 20ارب ڈالر سے زائدخطیر زرمبادلہ وطن بھیج کر پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،اوور سیزپاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،اوور سیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) کومزیدفعال بنانے کے لئے ترمیمی بل جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے او پی سی پنجاب کے دورہ کے موقع پر اجلاس کے دوران کیا۔ڈائریکٹر جنرل او پی سی عثمان انور نے گورنر پنجاب کو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایڈمن او پی سی اسد نعیم ،ڈائریکٹر لیگل راجہ زبیر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے او پی سی کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

اوپی سی کے زیر اہتمام ڈسٹر کٹ کمیٹیوں کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ ایک ایسے وقت میں جب ملکی برآمدات میں کمی ہوئی ہے دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی خطیر زرمبادلہ بھیج کر ملک کی بہت خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں میں او پی سی کے طریق کار سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اوور سیزپاکستانی اپنے مسائل کے حل کیلئے ادارے سے رجوع کر سکیں ۔

ڈائریکٹر جنرل او پی سی عثمان انور نے گورنر پنجاب کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ او پی سی ابتک اوور سیز پاکستانیوں کی پانچ ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کر چکا ہے مزید براںابتک اوور سیز پاکستانیوں کی 33 ارب روپے مالیت کی جائیدادیں واگذار کرائی جا چکی ہیں۔ عثمان انور نے بتایاکہ او پی سی کمپلینٹ ویب پورٹل کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لئے او پی سی بھر پور اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔بعد ازا ںگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے او پی سی میں قائم شکایت سیل کا دورہ بھی کیا اور وہاں اوور سیز پاکستا نیوں کی شکایات کے اندراج اور ان پر ہونے والی کارروائی کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں