وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت لوکل باڈیز سے متعلق اجلاس ، گورنر پنجاب ، گورنر خیبر پختونخواہ ، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور پارٹی کی سینئر قیادت کی شرکت

اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے جس کا مقصد عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور لوکل باڈیز کے نظام سے نئی لیڈرشپ کو اوپر آنے میں مدد ملے گی ماضی میں ممبران پارلیمنٹ کی توجہ قانون سازی پر کم فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی لوکل باڈیز کے نظام کا مقصد اسٹیٹس کو کا خاتمہ ہے ، لوکل باڈیز کا ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بھی بلیک میل نہ کیا جا سکے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت لوکل باڈیز سے متعلق اجلاس کے دوران اظہار خیال

اتوار 23 ستمبر 2018 17:10

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت لوکل باڈیز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ ہفتہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، گورنر پنجاب طوہدری محمد سرور، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے جس کا مقصد عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات کی عوامی سطح پر منتقلی کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کا موثر احتساب کر سکیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور لوکل باڈیز کے نظام سے نئی لیڈرشپ کو اوپر آنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جمہوری نظام میں ایک بڑا مسئلہ یہ بھی تھا کہ ممبران پارلیمنٹ کی توجہ قانون سازی پر کم جبکہ دیگر امور بشمول اختیارات اور فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل باڈیز کے نظام کا مقصد اسٹیٹس کو کا خاتمہ ہے اور لوکل باڈیز کا ایک ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بھی بلیک میل نہ کیا جا سکے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئے نظام کی بنیاد جمہوری اقدار پر مبنی ہوگی جس میں گورننس اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوکل باڈیز نظام کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں