بھارت اور استعماری طاقتیں خطے کے امن کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں‘ذکر اللہ مجاہد

بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے کہ جنگ چھڑنے کے بعد وہ خطے میں اپنا وجود قائم رکھ سکے گا ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

اتوار 23 ستمبر 2018 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بھارت اور اس کی پشت پناہی کرنے والی عالمی استعماری طاقتیں خطے کے امن کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں ۔بھارتی آرمی چیف کا حالیہ بیان خطے میں جنگ کی آگ کو بھڑکانے کے مترادف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی آرمی چیف کے نفرت انگیز بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں امن کی تباہی کے در پے ہے ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جتنا ظلم کر رہاہے ، کشمیریوں کی تحریک آزادی اس قدر مضبوط ہو رہی ہے ۔ کشمیر یوں کی لازوال قربانیاں پیش کرنا لائق تحسین ہیں ۔ جماعت اسلامی مظلوم کشمیر یوں کی حمایت کیلئے ہر فورم پر آواز اُٹھاتی رہے گی ۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کو پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کی ضرورت ہے ۔

اگر کشمیری 70 سال کے بعد بھی آزادی کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے تو عوام اور پاکستانی حکمران بھی کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے والے قومی موقف پر مضبوطی سے کاربند رہیں اور کشمیر میں ہونے والے بھارتی ظلم کو پوری دنیا کے سامنے لائیں اور کشمیر ی عوام کی مشکلات کو ختم کرنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے کہ جنگ چھڑنے کے بعد وہ خطے میں اپنا وجود قائم رکھ سکے گا ۔

پاکستان فوج اور قوم دشمن کے کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا مضبوط اور آہنی دوست ہے ، پاک چین دوستی بھارت کو ہضم نہیں تھی اب تو سی پیک کی وجہ سے بھارت نفرت کی آگ میں جل رہا ہے اور نفرت انگیز بیان بیازی پر اُتر آیا ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے ننگا کرے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن سمیت دیگر دہشتگردوں کو جلد ازجلدان کے کے انجام تک پہنچائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں