بشریٰ بی بی کی اولڈ ایج ہوم آمد،بزرگ خواتین سے ملاقات

بشریٰ بی بی نے بے سہارا افراد کے ساتھ دن گزارا اور ان کے مسائل دریافت کیے،بشریٰ بی بی کے ہمراہ فرح خان بھی تھیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 23 ستمبر 2018 19:31

بشریٰ بی بی کی اولڈ ایج ہوم آمد،بزرگ خواتین سے ملاقات
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 ستمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی نے اولڈ ایج ہوم میں بزرگ خواتین کے ساتھ دن گزارا، بشریٰ بی بی اپنی سہیلی فرح خان کے ہمراہ اولڈ ایج ہوم میں گئیں، جہاں پرانہوں نے بزرگ خواتین سے ملاقات کی ، اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی طرح ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی آج لاہور میں مصروف ترین د گزارا۔

بشریٰ بی بی  دورہ لاہور کے موقع پراپنی سہیلی اور پی ٹی آئی رہنماء فرح خان کے ہمراہ بے سہارا افراد سے ملنے کیلئے اولڈ ایج ہوم پہنچ گئیں۔ بشریٰ بی بی نے اولڈ ایج ہوم میں بزرگ خواتین سے ملاقات کی۔ بشریٰ بی بی نے اولڈ ایج ہوم میں بے سہارا لوگوں سے مسائل بھی دریافت کیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت لوکل باڈیز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

ہفتہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، گورنر پنجاب طوہدری محمد سرور، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے جس کا مقصد عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات کی عوامی سطح پر منتقلی کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کا موثر احتساب کر سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور لوکل باڈیز کے نظام سے نئی لیڈرشپ کو اوپر آنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جمہوری نظام میں ایک بڑا مسئلہ یہ بھی تھا کہ ممبران پارلیمنٹ کی توجہ قانون سازی پر کم جبکہ دیگر امور بشمول اختیارات اور فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل باڈیز کے نظام کا مقصد اسٹیٹس کو کا خاتمہ ہے اور لوکل باڈیز کا ایک ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بھی بلیک میل نہ کیا جا سکے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئے نظام کی بنیاد جمہوری اقدار پر مبنی ہوگی جس میں گورننس اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوکل باڈیز نظام کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں